مریم نواز

مریم نواز کا طرز حکمرانی منفرد ،اقدامات نظر آرہے ہیں، اپوزیشن ملک کو آگے بڑھنے دے’ پنجاب حکومت

لاہور (نمائندہ خصوصی) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا طرز حکمرانی منفرد ہے،انکے اقدامات نظر آ رہے ہیں، اپوزیشن بس کردے ،ملک کو آگے بڑھنے دے،حکومت کا کام مہنگائی کو کنٹرول کرنا ہے،وزیراعلی مریم نواز نے جو کہا وہ کرکے دکھایا، پنجاب میں بہترین اقدامات سے آٹے کی قیمت میں کمی ہوئی جس کا فائدہ براہ راست عوام کو پہنچا۔ان خیالات کا اظہار وزیراطلاعات و ثقافت پنجاب عظمی بخاری اور وزیر خوراک پنجاب بلال یاسین نے ڈی جی پی آر میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مریم نواز کی طرز حکومت سے نہیں لگتا کہ ان کی پہلی حکومت ہے، وزیر اعلی نے ہلڑ بازی کے باوجود اسمبلی میں طویل ترین تقریر کی۔مریم نواز کا طرز حکمرانی منفرد ہے، تمام حکومتی مشینری مریم نواز کے ساتھ کام کررہی ہے، مریم نوازکو بیورو کریسی کا مکمل تعاون حاصل ہے۔پنجاب کی تاریخ میں بہت سے نئے منصوبے متعارف کرائے جارہے ہیں، مریم نواز کے تمام 100منصوبے عملی طور پرموجود اور زمین پر نظر آتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کا کام مہنگائی کو کنٹرول کرنا ہے،پنجاب میں روٹی اور آٹے کی قیمتوں میں کمی کے ساتھ اس پر عمل درآمد بھی کروایا، وزیر خوراک کو جب بھی کوئی ٹاسک دیا گیا انہوں نے اسے مکمل کیا۔عظمی بخاری نے کہا کہ تمام حکومتی مشینری مریم نواز کے ساتھ کام کر رہی ہے، اب غریب عوام 100سے 150 روپے میں باآسانی سبزی خرید سکتی ہے۔

اس موقع پر صوبائی وزیر بلال یاسین نے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز نے جو کہا وہ کرکے دکھایا، بہترین اقدامات سے آٹے کی قیمت میں کمی کی گئی، آٹے کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ براہ راست عوام کو پہنچا، روٹی کی قیمت 14روپے سے بھی نیچے آچکی ہے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ خوراک نے 100دن میں بہت اہم کام کیے، غیرمعیاری دودھ اور مشروبات کو ضبط کرکے ضائع کیا گیا، فیلڈ آفیسرز نے غیر معیاری دودھ اور مشروبات کو پکڑ کر ضائع کیا۔انہوں نے کہا کہ روٹی کی قیمتوں میں کمی کا اپوزیشن مذاق اڑایا کرتی تھی، روٹی 20روپے کی ملتی تھی اور آج 14 روپے میں مل رہی ہے، فوڈ ڈیپارٹمنٹ میں 100دنوں میں 50فیصد بہتری ہوئی۔انہوں نے کہا کہ پھلوں میں مضر صحت کیمیکلز کیخلاف کریک ڈائون شروع کر دیا ہے،اپوزیشن اب بس کر ے، پاکستان کو آگے بڑھنے دے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں