ومبلڈن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ

ومبلڈن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کا باضابطہ آغاز یکم جولائی سے انگلینڈ میں ہوگا

لندن(نمائندہ خصوصی)رواں سال کے تیسرے بڑے گرینڈ سلام ومبلڈن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کا 137 واں ایڈیشن یکم جولائی سے انگلینڈ میں شروع ہوگا، ومبلڈن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ آل انگلینڈ لان ٹینس اور کروکٹ کلب ومبلڈن میں کھیلا جائے گا، میگا ایونٹ میں اے ٹی پی کا 137جبکہ ڈبلیو ٹی اے کا 130 واں ایڈیشن ہو گا،اس کے کامیاب انعقاد کے لئے تیاریاں عروج پر ہیں۔ میگا ایونٹ گراس کورٹ پر کھیلا جائے گا جس میں دنیائے ٹینس کے نامور کھلاڑی ٹائٹل کے حصول کے لئے ایکشن میں نظر آئیں گے۔

میگا ایونٹ میں مینز سنگلز، ویمنز سنگلز، مینز ڈبلز ویمنز ڈبلز اور مکسڈ ڈبلز سمیت دیگر مقابلے ہوں گے۔ ہسپانوی نامور ٹینس سٹار کارلوس الکاراز میگا ایونٹ کے مینز سنگلز مقابلوں میں اپنے اعزاز کا دفاع کریں گے۔ خواتین کے سنگلز مقابلوں میں جمہوریہ چیک کی مارکٹا ونڈروسووا نے 2023 کا ویمنز سنگلز ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔ اسی طرح مینز ڈبلز مقابلوں میں نیدرلینڈز کے ویزلی کولہوف اور ان کے برطانوی نیل سکوپسکی اپنے اعزاز کی بقا کے لئے کوشاں ہوں گے ۔ ویمنز ڈبلز مقابلوں میں چائینز تاپئے کی ہیش سو وائی اور ان کی جمہوریہ چیک کی جوڑی دار باربورا سٹریکووا اپنے ٹائٹل کے دفاع کے لئے پنجہ آزمائی کریں گی۔رواں سال کا تیسرا میگا ایونٹ یکم جولائی سے شروع ہوکر (14دن جاری رہنے کے بعد )14جولائی کو اختتام پذیر ہوگا۔میگا ایونٹ کی انتظامیہ کے مطابق ومبلڈن اوپن ٹینس کے لئے 50 کروڑ پائونڈ کی انعامی رقم مختص ہے۔

اٹلی کے نامور ٹینس سٹار اور عالمی نمبر ون جینک سنر کو مینز سنگلز مقابلوں میں ٹاپ سیڈ جبکہ سربیا کے شہرہ آفاق ٹینس سٹار اور ومبلڈن اوپن کے دفاعی چیمپئن نوویک جوکووچ کو سیکنڈ سیڈقرار دیا گیا ہے۔اسی طرح خواتین کے سنگلز مقابلوں میں عالمی نمبر ایک پائولش ٹینس سٹار آئیگا سویٹیک میگا ایونٹ کے لیے ٹاپ سیڈڈ قرار پائی ہیں ،امریکی ٹینس سٹار کوکو گف سیکنڈ سیڈ قرار پائی ہیں

اپنا تبصرہ بھیجیں