شترو گھن سنہا

سوناکشی کی شادی کے بعد شتروگھن سنہا ہسپتال میں داخل

ممبئی (نمائندہ خصوصی) سینئر بھارتی اداکار و سیاستدان شتروگھن سنہا اپنی بیٹی سوناکشی سنہا کی شادی کے بعد بیمار ہوکر ہسپتال میں داخل ہوگئے۔بھارتی میڈیا کے مطابق شتروگھن سنہا ممبئی کے کوکیلا بین ہسپتال میں داخل ہیں، اس حوالے سے اداکار کے بیٹے لو سنہا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کے والد وائرل بخار کا شکار ہوگئے ہیں۔لو سنہا نے کہا کہ ہم نے والد کو ہسپتال میں داخل کروانے کا فیصلہ کیا تاکہ وہ صحت یاب ہو سکیں اور ہم ان کے سالانہ ٹیسٹ بھی کروا سکیں۔

شتروگھن سنہا کے بیٹے نے اپنے بیان میں ان خبروں کی تردید بھی کی جن میں کہا جارہا تھا کہ شتروگھن سنہا کی سرجری ہوئی ہے جس کی وجہ سے وہ ہسپتال میں داخل ہیں۔لو سنہا نے مزید کہا کہ میں روزانہ کی بنیاد پر ہسپتال جارہا ہوں، میرے والد کی کوئی سرجری نہیں ہوئی، انہیں صرف وائرل بخار ہوا ہے۔

واضح رہے کہ 28 جون کو سوناکشی سنہا اور ان کے شوہر ظہیر اقبال کو ممبئی کے کوکیلا بین اسپتال سے نکلتے ہوئے دیکھا گیا تھا جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔مذکورہ ویڈیو کے بعد، بھارتی میڈیا پر قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں کہ اداکارہ حاملہ ہیں، تاہم حقیقت اس کے برعکس تھی، وہ دراصل اپنے بیمار والد کی عیادت کے لیے اسپتال گئی تھیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں