پشاور(نمائندہ خصوصی ) قومی کرکٹر محمد رضوان نے ٹیم کی سرجری کی حمایت کر تے ہوئے کہا ہے کہ انسان بیمار ہوتا ہے آپریشن تو ہوتا ہے،چیئرمین صاحب جو کریں گے وہ ان کا حق ہے، ٹیم میں تعصب کی باتیں ٹھیک نہیں، سبز پرچم کے لیے کھیلتے ہیں،ہمیں لوگوں کو نہیں دیکھنا کہ وہ کیا کہتے ہیں ، ہمیں یہ دیکھنا ہے کہ میں ملک کے لیے کیا کرسکتا ہوں ۔سپورٹس جرنلسٹ کے عالمی دن کی مناسبت سے قومی کرکٹ ٹیم کےوکٹ کیپرمحمد رضوان نے پشاورمیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم ورلڈکپ میں اچھا نہیں کھیلے، ہم پرہونیوالی تنقید غلط نہیں،ہم ورلڈکپ میں بہتر کھیل سکتے تھے۔
رضوان نے مزیدکہا کہ بال اوربیٹ کے علاوہ اور کچھ نہیں آتا ہے، انسان کے ہاتھ میں محنت اورہمت ہے،جب ہم ملک کےلئے کھیلتے ہے ہمارے زہن میں صرف یہ بات ہوتی ہے کہ ہمارا مخالف ٹیم کونسی ہے،جو لوگ تنقید کا سامنا نہیں کرسکتے وہ دنیا میں کچھ نہیں کرسکتے ،ہمیں لوگوں کو نہیں دیکھنا کہ لوگ کیا کہتےہیں،ہمیں یہ دیکھنا ہے کہ ہم ملک کےلئے کیا کرسکتے ہیں۔ کرکٹر نے مزید کہا کہ پٹھانوں کوجوطاقت اللہ نے دی ہے اگروہ استعمال کرےتے وہ بہت کچھ کرسکتے ہیں،اپنی جاب ہو نمبرون لےجانا چاہے سپورٹس مین ہو یا سیاست دان، جب ہم نمبر ون ہو نگے توملک خودبخود نمبر ون ہوجائے گا۔
یاد رہے کہ ٹی20 ورلڈکپ 2024 میں پاکستان کو ناتجربہ کار امریکا کے ہاتھوں سپر اوور میں شکست ہوئی تھی اور پھر بھارت کے خلاف 120 رنز کے آسان ہدف کے تعاقب میں قومی بیٹنگ لائن لڑکھڑاگئی تھی۔ مسلسل دو شکستوں کے بعد پاکستانی ٹیم امریکا کی شکست پر انحصار کرنے لگی لیکن آئرلینڈ اور امریکا کے میچ کے دوران بارش نے پاکستانی امیدوں پر پانی پھیر دیا اور ان کا ورلڈکپ کا سفر پہلے ہی مرحلے میں اختتام پذیر ہوگیا تھا۔