وزیراعظم شہباز شریف

پاک، روس تعلقات کسی اور ملک سے تعلقات سے خراب نہیں ہوں گے، شہباشریف

آستانہ (نمائندہ خصوصی )وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور روس کے تعلقات کسی اور ملک سے تعلقات یا جیو پولیٹکل صورتحال سے متاثر نہیں ہوں گے، روس کے ساتھ تعلقات مزید مضبوط بنانا ہوں گے۔تفصیل کے مطابق قازقستان کے دارالحکومت آستانہ میں وزیراعظم شہباز شریف اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے درمیان ملاقات ہوئی ہے ۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے ولادمیر پیوٹن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ سے ملاقات کرکے بہت اچھا لگا، دوبارہ صدر منتخب ہونے پر آپ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کے روس کے ساتھ باہمی تعلقات ہیں، پاکستان اور روس عرصہ دراز سے دوست ملک ہیں، ہمیں مستقبل میں پاک روس تعلقات کو مزید مضبوط کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہم روس کو چمڑے اور کپڑے کی مصنوعات برآمد کرتے ہیں،ہمیں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی روابط کو بھی مزید فروغ دینا ہے۔اس سے قبل، وزیراعظم محمد شہباز شریف شنگھائی تعاون تنظیم میں شرکت کے لیے تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبہ سے قازقستان کے دارالحکومت آستانہ پہنچے تھے۔ شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان کی کونسل کے اجلاس میں وزیر اعظم اہم علاقائی اور عالمی مسائل پر پاکستان کا نقطہ نظر پیش کریں گے، شہباز شریف ایس سی او پلس سمٹ سے بھی خطاب کریں گے۔ وزیراعظم کی کل (جمعرات کو )چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ بھی ملاقات ہوگی۔ ذرائع کے مطابق دونوں رہنماں کے مابین ملاقات شنگھائی تعاون کانفرنس کی سائیڈ لائن پر ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں