خواجہ آصف

عمران خان کا موسم تبدیل ہورہا ہے، لگتا ہے ان کے دل میں ہمدردانہ گنجائش پیدا ہو رہی ہے، خواجہ آصف

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )وزیردفاع خواجہ آصف نے بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے حکومت کی مجوزہ آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کرنے کے اعلان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ لگتا ہے سابق وزیر اعظم کا موسم تبدیل ہورہا ہے، ان کا رویہ غیر سیاسی ہے لیکن ان کے دل میں کوئی ہمدردانہ گنجائش پیداہورہی ہے۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ملٹری اسٹیبلشمٹ سے مذاکرات پی ٹی آئی کی خواہش ہے، اسٹیبلشمٹ ہی ہمیشہ پی ٹی آئی کی کفیل رہی ہے، پی ٹی آئی کو مذاکرات کی حکومتی پیشکش اب بھی برقرار ہے۔

خواجہ آصف نے واضح کیا کہ دہشت گردی کے خلاف آپریشن سیاسی نہیں، قومی معاملہ ہے، ساتھ ہی انہوں نے دعوی کیا کہ حکومت خیبرپختونخوا آپریشن ‘عزم استحکام’ کی حمایت کریگی۔وزیر دفاع نے کہا کہ وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے آپریشن مخالف کوئی بات نہیں کی تھی، ان کا طرز عمل اس وقت بھی مثبت تھا،اب بھی ہوگا۔وزیردفاع نے کہا کہ لگتا ہے بانی پی ٹی آئی کا موسم تبدیل ہورہا ہے، بانی پی ٹی آئی کا رویہ غیرسیاسی ہے، لیکن انکے خیال میں بانی کے دل میں کوئی ہمدردانہ گنجائش پیداہورہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں