بیرسٹر گوہر خان

تحریک انصاف نے خود جلسہ ملتوی کر دیا، عاشورہ محرم کے بعد کرنے کا اعلان

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے ترنول جلسہ ملتوی کر دیااور عاشورہ محرم کے بعد جلسہ کا اعلان کیا ۔چئیرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے علی محد، اسد قیصر اور دیگر رہنماؤں کے ساتھ پریس کانفرنس میں کہا کہ ہم نے آج کا جلسہ منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ جلسہ آئین کے تحفظ کے لیے تھا۔ چار مہینے بعد ایک این او سی جاری ہوا تھا۔ڈپٹی کمشنر یا چیف کمشنر کے کہنے سے این او سی معطل نہیں ہوسکتا۔ ہم نے پھر بھی قانون کا سہارا لیتے ہوئے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔ ہائی کورٹ میں جج موجود نہیں تھے ہم نے یہی سوچا تھا کہ اجازت لے کر جلسہ کریں گے۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنا جلسہ ملتوی کر رہے ہیں۔بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پی ٹی آئی کا جلسہ عاشورہ کے بعد ہو گا، ہم نے قانون کا سہارا لیتے ہوئے ہائی کورٹ میں پٹیشن دائر کی۔بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ترنول جلسہ تحریک تحفظ آئین پاکستان کے پلیٹ فارم سے ہونا تھا جسے ملتوی کردیا ہے، اب عدالت سے درخواست کریں گے کہ یوم عاشور کے بعد ہمیں جلسے کی اجازت دیں۔

انہوں نے کہا کہ بانی چیئرمین کے بغیر کوئی سیاسی عمل مکمل نہیں ہو سکتا، ہم نے سیاسی کمیٹی میں فیصلہ کیا ہے جلسہ ملتوی کر رہے ہیں۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا کہ چھ جولائی جلسے میں اسلام آباد انتظامیہ نے اجازت دے رکھی تھی، رات پولیس آئی اور جلسے کا علاقہ سیل کر دیا۔

عمر ایوب نے کہا کہ ڈی سی اسلام آباد نے آرڈر پر دستخط کیے ہوئے تھے، عدالت کے احکامات کے باوجود رات گئے جلسے سے سامان اٹھایا، خود ہی ترنول کی جگہ ہمیں جلسہ کے لیے دی تھی، پی ٹی آئی کارکنان کے ڈر سے این او سی معطل کیا۔ انہوں نے کہا کہ عدالت کے حکم کے بعد ڈی سی نے جلسے کا نوٹیفکیشن دیا، جو نوٹیفکیشن ہائیکورٹ کی ہدایت پرہوا،کمشنرکے پاس اختیار نہیں کہ اسے معطل کرے، جس لیٹر کو بنیاد بنا کر نوٹیفکیشن معطل کیا گیا اس لیٹر کو ہائیکورٹ میں پیش کرتے، ہم ہائیکورٹ اس لیے آئے ہیں کہ آئین اور قانون کے مطابق جلسہ کریں۔بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے بغیر کوئی سیاست مکمل نہیں، آئین اور قانون کی بالا دستی کے لیے ہم سب کوشش کررہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں