راولپنڈی (نمائندہ خصوصی)وزیرِ اعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ حکمران جانتے ہیں فیئر ٹرائل ہوا تو بیساکھوں پر کھڑی حکومت فارغ ہوجائے گی، بانی پی ٹی آئی نے بھوک ہڑتال کی تو یہ اکیلے ان کی ہڑتال نہیں ہوگی ۔ پوری دنیا میں ان کا ہر ووٹر سپورٹر بھوک ہڑتال کرے گا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے کیسز میں کچھ نہیں نکلا، ملک میں سزا و جزا کا نظام نہیں، عدلیہ کا احترام کرتے ہیں، قوم عدلیہ کی طرف دیکھ رہی ہے۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ آئین کے تحت ہمیں جلس، جلوسوں اور احتجاج کا حق ہے، عدلیہ کو کہا آپ پر دبا ہے تو بتائیں قوم آپ کے ساتھ کھڑی ہو گی۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کہتے رہے ہیں کہ میں مذاکرات کے لیے تیار ہوں، جعلی کیسز واپس لیں پھر مذاکرات ہوں گے، اپیکس کمیٹی میں بات عزم استحکام کی ہوئی آپریشن کی نہیں۔وزیرِ اعلی خیبرپختونخوا نے کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کریں گے، حکومت بیساکھیوں پر ہے، مینڈیٹ ان کے پاس نہیں۔پرویز خٹک سے متعلق سوال پر علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ایک بندہ جھوٹی گواہی دے گا اور گھومے گا، اس نے پارٹی چھوڑی، احسان فراموشی کی، لوٹا بنا، یہ جھوٹی گواہیاں دے گا تو اس طرح سگریٹ پھونکتا نہیں پھرے گا۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ وفاق جو کام کر رہاہے وہ آئین اور عدلیہ کے خلاف ہے، جعلی اور بے بنیاد مقدمات میں بانی پی ٹی آئی جیل میں قید ہیں، ہمارا جلسہ ہو گا، انتظامیہ کو چاہیے اپنے حکم پر عمل درآمد کرائے، مریم نواز کا بطور خاتون ہم نے لحاظ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پوری قوم کو پتہ ہے کہ عدلیہ پر دبائو ہے، ہم عدلیہ کے ساتھ کھڑے ہیں، موجودہ حکومت کندھوں پر ہیں، عدلیہ میں فیئر ٹرائل ہوا تو سب سامنے آئے گا، سب سے پہلے ہمارا مینڈیٹ واپس کیا جائے، ملک میں قانون کی بالادستی ضروری ہے۔انہوںنے کہاکہ چیف جسٹس پاکستان ہمارے کیسز خلاف کیسز میں بینچز سے علیحدہ ہوں، ہمیں ادارے کے ساتھ کوئی مسئلہ نہیں شخصیات کے ساتھ اختلاف ہے۔