کراچی (نمائندہ خصوصی)اداکارہ حنا چوہدری نے کہا ہے کہ پہلے آڈیشن میں مجھے کہا گیا کہ مستقبل میں تم ‘مایا علی’ بنوگی تو میں نے کہا کہ نہیں میں ‘حنا چوہدری’ ہی بننا چاہتی ہوں۔ نئے ڈرامہ سیریل ‘ترکِ وفا’میں ہیروئن کا کردار ادا کرنے والی حنا چوہدری نے شوبز میں آنے سے متعلق اپنے شوق اور جدوجہد کے بارے میں بتایا۔ اداکارہ حنا چوہدری نے بتایا کہ اداکاری کا شوق بچپن سے تھا لیکن میری فیملی یا جاننے والوں میں کوئی بھی اس فیلڈ میں نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں بی بی اے (بیچلر آف بزنس ایڈمنسٹریشن ) کیا ہے اور دوران تعلیم میں نے اداکاری کرنے کا سوچا لیکن آڈیشن وغیرہ دینے کا کوئی آئیڈیا نہیں تھا۔ایک دن میری دوست نے مجھ سے کہا کہ ایک برائیڈل شوٹ ہے اگر کرنا ہو تو بتاؤ تو مین نے حامی بھرلی، تو وہاں مجھ سے فوٹو گرافر نے کہا کہ آپ کے فیچرز بہت اچھے ہیں اگر ماڈلنگ یا اداکاری کرنا ہو تو بتایئے تو انہوں نے مجھے ایک کوآرڈینیٹر کا نمبر دیا۔
حنا چوہدری کا کہنا تھا کہ ایک نئے ٹی وی چینل کے ڈرامے کیلئے آڈیشن دینے گئی تو فصیح باری نے میرا آڈیشن لیا تو بعد میں کہا کہ تم مستقبل میں مایا علی بنو گی، جس پر میں نے جواب دیا کہ نہیں میں حنا چوہدری ہی بننا چاہتی ہوں۔انہوں نے بتایا کہ میرے والد صاحب نہیں چاہتے کہ دوران تعلیم اداکاری کروں تو ڈگری لینے کے بعد پھر بڑی مشکل سے اجازت ملی اور آج وہ مجھ پر فخر کرتے ہیں۔