وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی

وزیر داخلہ کا پروٹیکٹیڈ صارفین کو نان پروٹیکٹیڈ کیٹیگری میں شامل کرنے پر تشویش کا اظہار

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پروٹیکٹیڈ صارفین کو ریلیف دینے کیلئے ڈسکوز کا ڈیٹا طلب کرلیا،وزیر داخلہ نے پروٹیکٹیڈ صارفین کو نان پروٹیکٹیڈ کیٹیگری میں شامل کرنے پر تشویش کا اظہا کرتے ہوئے کہا ہے کہ پروٹیکٹیڈ صارفین سے زیادتی کا ازالہ کرنا ضروری ہے۔تفصیل کے مطابق وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی کی زیرِ صدارت پروٹیکٹیڈ صارفین کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہواجس میں وفاقی سیکریٹری داخلہ، ایڈیشنل ڈی جی ایف آئی اے ہیڈکوارٹر اور ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ شریک ہوئے جبکہ ایف آئی اے کے تمام ڈائریکٹرز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

ایف آئی اے حکام نے اوور بلنگ کے معاملے پروفاقی وزیر داخلہ کو بریفنگ دی۔وفاقی وزیر داخلہ نے پروٹیکٹیڈ صارفین کو نان پروٹیکٹیڈ کیٹیگری میں شامل کرنے پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئے پروٹیکٹیڈ صارفین کو ریلیف دینے کیلئے تمام ڈسکوز کا ڈیٹا طلب کرتے ہوئے کہا کہ ایف آئی اے کے تمام ڈائریکٹرز ڈسکوز کے ڈیٹا کو چیک کر کے رپورٹ پیش کریں۔اجلاس میں محسن نقوی نے بجلی کے پروٹیکٹیڈ صارفین سے اوور بلنگ کا نوٹس لیتے ہوئے 3 روز میں ایف آئی اے ڈائریکٹرز کو تمام شواہد جمع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تمام شواہد کی جامع رپورٹ وزیرِ اعظم کو پیش کی جائے گی۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈی جی ایف آئی اے نارتھ کو پشاور، لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد جا کر صورتِ حال کا جائزہ لینے اور ڈیٹا جمع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ پروٹیکٹیڈ صارفین سے زیادتی کا ازالہ کرنا ضروری ہے، ایک ایک شواہد کا جائزہ لے کر ذمے داران کا تعین کیا جائے۔ پروٹیکٹیڈ صارفین کو جان بوجھ کر نان پروٹیکٹیڈ کیٹگری میں شامل کرنا مجرمانہ فعل ہے جسکی قطعا اجازت نہیں دی جا سکتی۔ ایف آئی اے تمام صورتحال کا جائزہ لے اور حقائق کی روشنی میں بلا امتیاز ذمہ داروں کے خلاف ایکشن لے۔ اوور بلنگ سے پروٹیکٹڈ کیٹگری تبدیل ہونے سے صارفین پر کروڑوں روپے کا اضافی بوجھ پڑاہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں