کوئٹہ (نمائندہ خصوصی) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ وفاق بلوچستان سے مل کر صوبے کے 28ہزار ٹیوب ویلز کو سولر پر منتقل کرے گا، اس سے سالانہ 80 90ارب روپے کی بچت ہوگی،سستی بجلی ملے گی اور کھیت سیراب ہوں گے، وزیر اعلی بلوچستان نے 3 ماہ میں اس منصوبے کی تکمیل کی یقین دہائی کرائی ہے، وہ کامیاب رہے تو انہیں اسلام آباد بلا کر عوامی سطح پر ان کی تحسین کریں گے۔ پیر کو وزیراعظم محمد شہباز شریف ایک روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچے ہیں جہاں بلوچستان کے تمام زرعی ٹیوب ویلز کی سولرائزیشن کا تاریخی اجرا کیا گیا۔
وزیرِ اعظم نے کوئٹہ میں بلوچستان کی کابینہ سے ملاقات کی جس میں وفاقی وزرا، گورنر و وزیر اعلی بلوچستان اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔ وفاقی حکومت اور بلوچستان حکومت کے مابین زرعی ٹیوب ویلز کی سولرائزیشن معاہدے پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی جس میں وزیرِ اعظم شہباز شریف نے شرکت کی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت بلوچستان حکومت کے ساتھ مل کر صوبے کے تقریبا 28 ہزار بجلی پر چلنے والے ٹیوب ویلز کو سولر پر منتقل کرے گی، 55 ارب روپے کے اس منصوبے کا 70 فیصد وفاق جبکہ 30 فیصد بلوچستان حکومت ادا کرے گی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ زرعی ٹیوب ویلز کو سولر پر منتقل کرنے سے کسان خوشحال ہوگا اور قابل کاشت رقبے میں اضافہ ہوگا، زرعی ٹیوب ویلز کو سولر پر منتقل کرنے سے کسانوں کو پورا دن پانی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جا سکے گی۔ وفاقی حکومت ہر سال بجلی کے بِلوں کی عدم ادائیگی کی وجہ سے سبسڈی کی مد میں 70سے 80 ارب روپے مہیا کرتی رہی مگر پھر بھی کسانوں کو صرف 2 سے 6 گھنٹے بجلی میسر ہوتی تھی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ زرعی ٹیوب ویلز کی سولرائزیشن سے یہ دیرینہ مسئلہ ہمیشہ کے لیے ختم کر رہے ہیں، دنیا بھر میں شمسی توانائی سے کم لاگت ماحول دوست بجلی بنائی جا رہی ہے اور ملک بھر میں شمسی توانائی سے بجلی کی فراہمی کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہے ہیں۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ چین میں سرکاری وظائف پر زرعی شعبے کی پیشہ ورانہ تربیت کے لیے بھیجے جانے والے طلبا میں بلوچستان کے 10 فیصد زائد طلبا کا کوٹہ رکھا ہے، چین میں ہواوے کے تحت 3لاکھ پاکستانی نوجوانوں کی انفارمیشن ٹیکنالوجی شعبے میں تربیت میں بھی بلوچستان کے طلبا کے لیے 10 فیصد اضافی کوٹہ مقرر کیا گیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان اعلی تعلیم یافتہ ہوں گے تو وہ صوبے اور ملک کی ترقی میں اپنا اہم کردار ادا کریں گے، بلوچستان کے مسائل کا حل مل بیٹھ کر کریں گے، صوبائی حکومت کو تمام مسائل حل کرنے کا یقین دلاتا ہوں، بلوچستان محرومیوں کو دور کرکے اسکی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ وزیر اعظم نے بتایا کہ بلوچستان کے لیے وفاقی حکومت نے دانش اسکولوں کے قیام کے لیے حالیہ بجٹ میں فنڈز مختص کر دیے ہیں، ہماری کوشش ہے کہ دانش اسکولوں کو صوبے کی ڈویژنل سطح تک وسعت دی جائے تاکہ اس سے پورے صوبے کے طلبا مستفید ہوں۔
امید ہے کہ گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل، وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی سربراہی میں پوری صوبائی کابینہ صوبے کی ترقی اور خوشحالی میں مزید کردار ادا کرینگے۔ بلوچستان کی صوبائی کابینہ نے وزیر اعظم محمد شہباز شریف کو صوبے کے مسائل سے آگاہ کیا جس پر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے یقین دلایا کہ وفاقی حکومت بلوچستان کی ترقی خوشحالی اور یہاں کے مسائل حل کرنے کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھائے گی۔