گاڑیوں کی فروخت

گاڑیوں کی فروخت 18 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) ملک کی گاڑیوں کی فروخت 18 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں، جون 2024 کے دوران کاروں، جیپوں، اسپورٹ یوٹیلیٹی وہیکلز اور پک اپس سمیت 13 ہزاور 284 یونٹس کی فروخت ریکارڈ کی گئی، جو ماہانہ بنیادوں پر 21 فیصد اور سالانہ بنیادوں پر 120 فیصد اضافہ ظاہر کرتا ہے۔ میڈیارپورٹ کے مطابق حجم کے لحاظ سے، کاروں کی فروخت میں ماہانہ اضافہ بنیادی طور پر انڈس موٹرز کمپنی کی فروخت میں اضافے کی وجہ سے ہوا، جو 44 فیصد اضافے کے ساتھ 2 ہزار 957 یونٹس اور پاک سوزوکی موٹر کمپنی لمیٹڈ، جو اس سال جون میں 15 فیصد اضافے کے ساتھ 6 ہزار 885 یونٹس تک پہنچ گئی۔

ہنڈائی نشاط موٹر کی ماہانہ بنیادوں پر 55 فیصد کے ساتھ ایک ہزار 59 یونٹس کی فروخت ریکارڈ کی گئی، سازگار اینجینئرنگ ورکس کی فروخت 12 فیصد اضافے کے ساتھ 871 یونٹس رہی، جون 2024 میں صرف ہونڈا اٹلس کارز لمیٹڈ کی فروخت میں ماہانہ بنیادوں پر 8 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی جو ایک ہزار 95 یونٹس رہی۔ٹاپ لائن سیکیورٹیز کی مائیشا سہیل نے کہا کہ سالانہ بنیادوں پر، کاروں کی کل فروخت میں 120 فیصد کا نمایاں اضافہ گزشتہ سال کے مقابلے پلانٹ بند ہونے کی وجہ سے کم ہے، انہوں نے کہا کہ مالی سال 2024 کے دوران کاروں، جیپوں، وینز اور پک اپ کی کل فروخت 18 فیصد کم ہو کر ایک لاکھ 3 ہزاور 827 رہ گئی ہے جو کہ کاروں کی بڑھتی ہوئی قیمتوں، مہنگی آٹو فنانسنگ اور صارفین کی کم قوت خرید کی وجہ سے 15 سال کے بعد سب سے کم فروخت ہے۔

مائیشا سہیل کے مطابق آئی ایم ایف کے نئے پروگرام کے بعد معاشی سرگرمیوں میں بہتری، ایک مستحکم کرنسی اور شرح سود میں کمی سے کاروں کی فروخت میں بہتری آئے گی۔انہوں نے کہا کہ بائیک کی فروخت میں ماہانہ بنیادوں پر 24 فیصد کی کمی تھی لیکن جون 2024 میں 8 فیصد سے بڑھ کر 89 ہزاور 895 یونٹس ہوگئی۔ٹلس ہونڈا لمیٹڈ نے 80 ہزار یونٹس کی فروخت ریکارڈ کی، جو کہ ماہانہ بنیادوں پر 22 فیصد کم لیکن سالانہ بنیادوں پر 7 فیصد زیادہ ہے، اس طرح صنعت کی کل فروخت 11 لاکھ 50 ہزاور تک پہنچ گئی، صارفین کی کم قوت خرید کی وجہ سے مالی سال 2024 میں 3 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ جون 2024 میں ٹریکٹر انڈسٹری کی کل فروخت بڑھ کر 4 ہزار 134 یونٹس تک پہنچ گئی، جو کہ سالانہ بنیادوں پر 28 فیصد اور ماہانہ بنیادوں پر 34 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جب کہ مالی سال 2024 کی فروخت 45 ہزاور 494 یونٹس تک پہنچ گئی، جو کہ سیلاب کے دوران پچھلے سال کی کم بنیاد کی وجہ سے سالانہ 47 فیصد تک بڑھ گئی۔ٹرکوں اور بسوں کی فروخت بھی جون 2024 میں ماہانہ بنیادوں پر 21 فیصد اور سالانہ بنیادوں پر 101 فیصد بڑھ کر 299 یونٹس تک پہنچ گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں