صدر مملکت

ٹرمپ پر حملے کا سن کر گہرا صدمہ پہنچا’آصف علی زرداری

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)صدرآصف علی زرداری ، وزیراعظم محمد شہباز شریف کئی عالمی رہنمائوں نے امریکی سابق صدر ٹرمپ پر حملہ کی مذمت کرتے ہوئے انکے خاندان سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر حملے کا سن کر گہرا صدمہ پہنچا۔آصف علی زرداری نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سیاست میں تشدد کی کوئی جگہ نہیں۔صدرِ مملکت نے ڈونلڈ ٹرمپ کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار اور حملے میں انسانی جان کے ضیاع پر اظہارِ افسوس بھی کیا ہے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے بھی امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر حملے کی مذمت اور واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔اس حوالے سے اپنے ایک بیان میں انہوں نے سابق امریکی صدر ٹرمپ کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے اور کہا ہے کہ سیاسی عمل میں ہر قسم کا تشدد قابلِ مذمت ہے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اس مشکل وقت میں ہماری ہمدردیاں اور نیک خواہشات ڈونلڈ ٹرمپ کے خاندان کے ساتھ ہیں۔ علاوہ ازیں دیگر عالمی رہنماؤں نے بھی امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر فائرنگ کے واقعے کی مذمت کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں