اسد قیصر

ہمارے ارکان کو ان کے گھروں سے اٹھایا جارہا ہے، اسد قیصر

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)پی ٹی آئی رہنماءاسد قیصر نے کہا ہے کہ ہمارے ارکان کو ان کے گھروں سے اٹھایا جارہا ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد حکومت فسطائیت پر اتر آئی ہے، تمھاری یہ غلط فہمی ہے کہ پی ٹی آئی کو دبا کر ان کو ان کے حق کو محروم کیا جاسکتا ہے۔۔اپنے ایک بیان میں سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ مظفر گڑھ سے ہمارے رکن معظم جتوئی کو ان کے گھر سے رات کو اغوا کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اطلاع مل رہی ہے کہ اینٹی کرپشن نے اٹھایا ہے جو غیر قانونی اور غیر آئینی ہے جب کہ کل رات جمشید دستی کے گھر پر چھاپہ مارا ہے اور ان کے گھر کی چادر اور چار دیواری کی بے حرمتی کی گئی۔سابق اسپیکر نے سوال اٹھایا کہ اسپیکر قومی اسمبلی کو اطلاع دیے بغیر کیسے کسی رکن کو گرفتار کیا جاسکتا ہے؟، کچھ روز قبل ہمارے رکن امیر سلطان کو جھنگ سے ان کے گھر سے اغوا کیا گیا ہے۔ اسد قیصر نے کہا کہ پارلیمنٹرین کے ساتھ ایسا رویہ رکھا جا رہا ہے تو عام آدمی کے ساتھ کیا سلوک ہورہا ہوگا، میرا مطالبہ ہے ہمارے ارکان کو رہا کیا جائے اور اگر ہمارے ارکان کے خلاف کوئی کیس ہے تو اسے عدالت میں پیش کیا جائے۔

رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد حکومت فسطائیت پر اتر آئی ہے اور بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔ تمھاری یہ غلط فہمی ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کو دبا کر ان کو ان کے حق کو محروم کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم قانون اور آئین کے اندر رہتے ہوئے مقابلہ کریں گے، پاکستان میں حقیقی آزادی کے لیے ہم پارلیمنٹ کے اندر اور پارلیمنٹ کے باہر مقابلہ کریں گے۔اسد قیصر کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں اس حد تک لے کر جائیں کہ ہم کوئی راستہ اختیار کریں، تحریک انصاف کو دیوار سے لگانے کا سلسلہ اب بند ہونا چائیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں