پروفیسر الفرید ظفر

جنرل ہسپتال میں نئے ہاؤس آفیسرزکیلئے تربیتی ورکشاپس منعقد کرنے کا اعلان: پروفیسر الفرید ظفر

لاہور(نمائندہ خصوصی) پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد الفرید ظفر نے لاہور جنرل ہسپتال میں نئے ہاؤس آفیسرزکی صلاحیتوں کو نکھارنے اور متعدی و وبائی امراض سے آگاہی کے لئے تربیتی ورکشاپس منعقد کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سینئر ڈاکٹرز نوجوان ہاؤس آفیسرز کو امراض کی علامات، احتیاطی تدابیر اور جدید طریقہ علاج بارے لیکچرز دیں گے تاکہ انہیں عملی میدان میں مریضوں کے علاج میں کسی قسم کی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے کہا ینگ ڈاکٹرز قوم کا سرمایہ افتخار ہیں۔ان کے سامنے ایک طویل پیشہ وارانہ زندگی پڑی ہے جس میں انہیں بہت سے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑے گالہذا انہیں چاہیے کہ وہ میڈیکل کی اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لئے ابھی سے ذہنی طور پر تیار رہیں اور مختلف شعبوں میں سپیشلائزیشن کو اپنا ٹارگٹ بنائیں کیونکہ ہر شعبے میں سپیشلائزیشن کا دور ہے اور محض ایم بی بی ایس کرنا ہی کافی نہیں۔

پروفیسر الفرید ظفر نے ہاؤس آفیسرز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے اساتذہ اور سینئر ڈاکٹرز کے احترام کو ملحوظ خاطر رکھیں، پیشہ وارانہ مہارت حاصل کرنے کیلئے اُن کے بتائے ہوئے طبی و اخلاقی اصولوں کو عملی طور پر اپنائیں تاکہ وہ ہاؤس جاب مکمل کرنے کے بعد مریضوں کا بہتر انداز میں علاج معالجہ کرنے کے قابل ہو سکیں۔انہوں نے کہا کہ لاہو رجنرل ہسپتال سے منسلک امیر الدین میڈیکل کالج کے فارغ التحصیل ڈاکٹرز کو دوران ہاؤس جاب حکومتی پالیسی کے مطابق ماہانہ مشاہرہ دیا جائے گاجس سے اُن کو اپنے ماہانہ اخراجات میں خاطر خواہ مدد ملے گی۔
پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج کا کہنا تھا کہ آج میڈیکل سائنس نے بہت زیادہ ترقی کر لی ہے اور سرجری کے شعبے کے علاوہ میڈیسن میں بھی جدید ٹیکنالوجی کا استعمال بڑھ چکا ہے لہذا نوجوان ڈاکٹرز اپنی پیشہ وارانہ زندگی میں میڈیکل ٹیکنالوجی میں مہارت کے حصول پرتوجہ دیں۔ ڈاکٹر فریاد حسین نے ینگ ڈاکٹرز پر زور دیا کہ وہ دکھی انسانیت کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں اور دور حاضر کے تقاضوں کے مطابق ہونے والی نت نئی میڈیکل ریسرچ پر بھرپور توجہ دیں جس سے انہیں عملی زندگی میں بھرپور مدد ملے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں