وسیم اکرم

وسیم اکرم نے پی سی بی میں عہدہ سنبھالنے سے معذرت کرلی،ذرائع

کراچی(نمائندہ خصوصی)سابق کپتان و سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)میں عہدہ سنبھالنے سے معذرت کرلی۔ذرائع کے مطابق سابق کپتان وسیم اکرم کو چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او)یا چیئرمین کا مشیر بننے کی پیشکش ہوئی تھی لیکن دیگر مصروفیات کے سبب وہ کل وقتی ملازمت کیلئے دستیاب نہیں ہیں،ان کے انکار پر ہی وقار یونس کا تقرر کیا گیا۔چیئرمین پی سی بی محسن نقوی وفاقی وزیر داخلہ بھی ہیں، اکثر ان پر یہ تنقید سامنے آتی ہے کہ دو عہدوں کی وجہ سے کرکٹ کو زیادہ وقت نہیں دیتے،اس مسئلے کو حل کرنے کیلئے انھوں نے کھیل کے معاملات کسی سابق کرکٹر کو سونپنے کا فیصلہ کیا۔

ذرائع نے بتایاکہ چند روز قبل محسن نقوی نے وسیم اکرم سے رابطہ کر کے کہا کہ وہ پی سی بی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر یا ان کے مشیر کی پوسٹ سنبھال لیں،یہ کل وقتی ملازمت ہوگی، تمام کرکٹنگ امور انہی کو دیکھنا ہوں گے۔ذرائع کے مطابق سابق کپتان نے چیئرمین سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اب مستقل طور پر کراچی میں مقیم ہیں، فیملی کی وجہ سے اکثر آسٹریلیا بھی جانا پڑتا ہے، ان کیلئے لاہور میں دوبارہ رہائش پذیر ہونا اب ممکن نہیں، البتہ جب بھی پاکستان کرکٹ کو ان کی ضرورت ہوئی وہ بلامعاوضہ بھی دستیاب ہوں گے۔

چیئرمین نے ان سے اپنے مستقبل کے پلانز بھی شیئر کیے جس سے وسیم اکرم خاصے متاثر نظر آئے،بورڈ حکام نے اس کے بعد وقار یونس سے رابطہ کیا جو ذمہ داری سنبھالنے پر آمادہ ہوگئے، وہ بھی فیملی کے ہمراہ آسٹریلیا میں رہتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں