بلاول بھٹو

بلاول بھٹو کا ادائیگی فرض کی خاطر جانیں قربان کرنیوالے پولیس شہدا کو خراج عقیدت

کراچی(نمائندہ خصوصی ) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ادائیگی فرض کی خاطر جانیں قربان کرنیوالے پولیس شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ یومِ شہدا پولیس پر اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے پولیس شہدا کو خراج عقیدت کرتے ہوئے کہا کہ قانون کی حکمرانی اور شہریوں کی حفاظت کے لئے پولیس شہدا کی قربانیاں بے مثال ہیں، پولیس شہدا کی غیر متزلزل لگن اور بے لوث خدمات ان کے عزم کی آئینہ دار ہے۔

انہوں نے کہا کہ چاروں صوبوں کے پولیس اہلکاروں نے دہشت گردی کے خلاف بھی جوانمردی سے جنگ لڑی ہے، شہدا پولیس کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، شہدا نے قربانیاں دے کر عوام کی حفاظت اور انصاف و دیانتداری کی اقدار کی پاسداری کی۔ چیئرمین پی پی کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنی پولیس فورس کی کاوشوں اور جرات کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے، ہماری پولیس کے جوان قابلِ احترام جذبے کے ساتھ خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی پولیس شہدا کے خاندانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتی ہے، پیپلز پارٹی پولیس کو ان کی بے پناہ قربانیوں پر سلام پیش کرتی ہے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی فلاح و بہبود اور حمایت کا عزم رکھتی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری کا مزید کہنا تھا کہ آئیے! آج ہم اپنے پولیس شہدا کی یاد کو سلام پیش کریں اور سب کیلئے ایک محفوظ اور منصفانہ معاشرے کی تعمیر کے عزم کی تجدید کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں