عمر ایوب

2024 الیکشن کا سال ہے، ہماری کسی سے کوئی ڈیل نہیں ہو رہی’عمر ایوب

لاہور (نمائندہ خصوصی) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا ہے کہ 2024الیکشن کا سال ہے، ہماری کسی سے کوئی ڈیل نہیں ہو رہی،عمران خان 9مئی کی سی سی ٹی وی فوٹیج کیلئے کیس کریں گے۔انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما اور اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا کہ فوج ،ایف سی اور انٹیلی جینس ایجنسیز ریاست کے اوزاراور ملازم ہیں،فوج اور اداروں کو اپنے دائرہ میں رہنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ فوج کے پاس جی تھری رائفل ،توپیں ، اور ٹینک ہیں اور ائیرفورس کے پاس ہوائی جہاز اور جی ایف 17ہیں۔ نیوی کے پاس سب میرین اور بریگیڈ اور جہاز ہیں۔انہوں نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 7کے مطابق ریاست مجلس شوری ہے۔ریاست قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلی اور ٹیکس عائد کرنے والے ادارے ہیں۔سیاستدان آئین کے مطابق سیاست کریں۔عمر ایوب کا مزید کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کا پیغام ہے عوام اور فوج کے درمیان مسلم لیگ (ن) اور پی پی پی خلا بنا رہی ہے،الیکشن کمیشن کو آزاد ہونا چاہیے۔ یہ الیکشن کا سال ہے۔

اس بھنور سے مضبوط وزیراعظم ہی ملک کو نکال سکتا ہے۔ یہ فارم 47کی حکومت کچھ نہیں کر سکتی ہے۔ کل بجلی اڑھائی روپے یونٹ اضافہ ہوا ہے۔جس شخص کی تنخواہ بیس یا پچیس ہزار روپے ہے وہ کیسے گزارا کرے۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ میں آئی ایس پی آر کا ترجمان نہیں ہوں۔ نو مئی واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج لے آئیں۔ بانی پی ٹی آئی سی سی ٹی وی فوٹیج کے لیے کیس کریں گے۔ہماری کسی سے کوئی ڈیل نہیں چل رہی ہے۔2024الیکشن کا سال ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں