لاہور (نمائندہ خصوصی ) پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ الیکشن ایکٹ میں ترمیم کر کے آئین کو پامال اورعدلیہ کی آزادی پر شب خون مارا گیا جسے مسترد کرتے ہیں،حکومت نے اپنے ذاتی اور سیاسی مفادات کےلئے پارلیمان اور عدلیہ کو آمنے سامنے کھڑا کرنے کی کوشش کی ہے لیکن سازشی ٹولے کو منہ کی کھانا پڑے گی ۔
اپنے بیان میں مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ پارلیمان نے صرف حکمران ٹولے کے مفادات کا تحفظ نہیں کرنا بلکہ اس نے آئین و قانون کے مطابق چلنا ہے ۔حکمران طاقت کے بل بوتے پر جس طرح چاہیں قانون سازی کر لیں یہ منطق سمجھ سے بالا تر ہے ، سوال یہ ہے آئین کی تشریح کس نے کرنی ہے ؟۔انہوں نے کہا کہ قانون سازی کا ایک طریق کار ہے جو عوام کی امنگوں کے مطابق ہوتا ہے، مخصوص نشستیں پی ٹی آئی کو نہ دینے کیلئے زور زبردستی سے الیکشن ایکٹ میں ترمیم کی گئیں،ہم اسے کسی صورت تسلیم نہیں کرتے اور اس کے خلاف ہر فورم پر جائیں گے ۔