وزیراعظم شہباز شریف

نوجوان کل کے رہنما ،ہمارے ملک کا روشن مستقبل تشکیل دیں گے،وزیر اعظم

اسلام آ باد (نمائندہ خصوصی) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ نوجوان کل کے رہنما ہیں جو ہمارے ملک کا روشن مستقبل تشکیل دیں گے، با اختیار نوجوان انفرادی ترقی کے ساتھ ساتھ ملک کی وسیع تر سماجی اور اقتصادی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں گے اور پاکستان اپنے روشن مستقبل کی طرف گامزن ہو گا، تعلیم، کاروبار اور سماجی سرگرمیوں کے لیے ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے نوجوان اپنے اندر مثبت تبدیلی کے محرک بن سکتے ہیں۔

پیر کو نوجوانوں کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں شہباز شریف نے کہا کہ نوجوانوں کا عالمی دن منانے کا مقصد اس امر کا اعتراف کرنا ہے کہ نوجوان اس دنیا کے مستقبل کے معمار اور تبدیلی کا اصل محرک ہیں، اس سال نوجوانوں کے عالمی دن کا تھیم، “کلکس سے ترقی تک: یوتھ ڈیجیٹل پاتھ ویز فار سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ” یہ واضح کرتا ہے کہ آج کے دور جہاں ٹیکنالوجی اور مواقع کا سنگم ہو رہا ہے میں نوجوانوں کی کس قدر اہمیت ہے، ٹیکنالوجی اور مواقع کا یہ ملاپ نوجوانوں کو اپنی خواہشات کو ٹھوس نتائج میں بدلنے کی طاقت فراہم کرتا ہے تاکہ وہ ایک پائیدار اور مساوی مستقبل کی راہ ہموار کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ30 سال سے کم عمر کی 60 فیصد آبادی کے ساتھ پاکستان ایک بڑی نوجوان آبادی کا حامل ملک ہے جو تیزی سے عالمی ڈیجیٹل منظر نامے سے جڑ رہا ہے، تعلیم، کاروبار اور سماجی سرگرمیوں کے لیے ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے نوجوان اپنے اندر مثبت تبدیلی کے محرک بن سکتے ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ آج کے دن ہم پاکستان کی نوجوان آبادی کی استعداد سے پوری طرح استفادہ کرنے اور ان کے لئے یکساں مواقع سے بھرپور سازگار ماحول پیدا کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2013 میں ہم نے یوتھ لون اینڈ ایگریکلچرل سکیم متعارف کرائی جس کے اب خاطر خواہ نتائج برآمد ہو رہے ہیں، آج تک ہم نے 280000 سے زیادہ نوجوانوں میں کاروبار کے لئے تقریبا 186 ارب روپے تقسیم کیے ہیں جس سے ملک بھر میں روزگار کے بے شمار مواقع پیدا ہوئے ہیں، یوتھ بزنس لون سکیم کو ہماری حکومت کے دوران ری اسٹرکچر کیا گیا تھا اور ہم نے مائیکرو فنانس اداروں کو بھی بلا سود قرضے فراہم کرنے کے لیے شامل کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں