کوئٹہ (نمائندہ خصوصی)وزیر اعلی بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں احتجاج کے نام پر بدامنی پیدا کرنے کی کوشش کی گئی، صوبہ میں سازش کے تحت واقعات ہورہے ہیں،ڈی سی پنجگور کو بے دردی سے شہید کردیا گیا، ان کے بچوں اور فیملی کو سپورٹ کریں گے۔کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان بھر میں عظیم الشان طریقے سے یوم آزادی منایا گیا، میں ۔
ڈپٹی وزیراعظم اسحق ڈار نے ہمارے ساتھ آزادی کی خوشیاں منائیں، ہم نے 21 نادرا کے سینٹرز کا افتتاح بھی کیا۔انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پر عزم ہیں، ڈپٹی کمشنر کے قتل کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ ڈی سی پنجگور کو بے دردی سے شہید کردیا گیا، ہم شہید ڈی سی کے بچوں کے تعلیمی اخراجات برداشت کریں گے، شہید ڈی سی کی اہلیہ کو بھی سرکاری نوکری دیں گے، ہم شہدا کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، ہماری حکومت اصلاحات کےایجنڈے پر کام کررہی ہے۔ سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پر عزم ہیں، بلوچستان میں پرامن احتجاج کے نام پر بدامنی پیدا کی گئی، بلوچستان میں ریاست کے خلاف سازش کی گئی، بلوچستان میں سازش کے تحت واقعات ہورہے ہیں۔
وزیر اعلی بلوچستان کا کہنا تھا کہ ہم مزدوروں کے 500 بچوں کو اسلام آباد بھیج رہے ہیں، ان 500 بچوں کو اسلام آباد میں تعلیم دی جائے گی، مزدورکا بیٹا تعلیم حاصل کرکے پاکستان اور عوام کی خدمت کرے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ چمن میں ٹرانسپورٹرز کا مسئلہ حل کردیا گیا، ہماری حکومت ریفارمز ایجنڈے پر کام کرہی ہے،بلوچستان کے لوگ کسی سازش کاحصہ نہ بنیں۔