مریم اورنگزیب

پنجاب بھر کے 500اسکولوں میں مڈل اور میٹرک ٹیک پروگرام کو لانچ کیا جائے گا، مریم اورنگزیب

لاہور(نمائندہ خصوصی )سینئروزیراطلاعات پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ تعلیم تک رسائی،کوالٹی اور تعلیمی نظام کی گورننس کو مزید بہتر بنارہے ہیں،پنجاب بھر کے 500اسکولوں میں مڈل اور میٹرک ٹیک پروگرام کو لانچ کیا جائے گا۔ لاہور میں سینئروزیراطلاعات پنجاب مریم اورنگزیب کی زیرصدارت اجلاس میں 4اہم سیکٹرزپر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں فارن کامن ویلتھ اینڈ ڈویلپمنٹ آفس کے اعلی سطح کے وفد نے شرکت کی۔

صوبائی وزیراطلاعات پنجاب مریم اورنگزیب کوا ئیرکوالٹی،اسکول ایجوکیشن، پاپولیشن اورصحت سےمتعلق امور پر پیشرفت پر بریفنگ دی گئی، لاہورمیں اسموگ کےخاتمے کیلئےموثراور قابل عمل روڈ میپ کا جائزہ بھی لیا گیا۔وزیراطلاعات پنجاب مریم اورنگزیب کودی گئی بریفنگ میں بتایا گیا ہے کہ سیف سٹی کیمرں کے ذریعے دھواں چھوڑنے والی بائیکس کی نشاندہی کر کے جرمانہ عائد کیا جائے گا،مئی میں فصلوں کی باقیات کے جلاﺅ کی وجہ سے اسموگ زیادہ ہوتی ہے،2028 تک ایئر کوالٹی انڈیکس کو100 پی ایم سے70پی ایم تک لانے کا ٹارگٹ ہے۔

سٹاف کی جانب سے دی گئی بریفنگ میں وزیراطلاعات پنجاب مریم اورنگزیب کو مزید بتایا گیا ہے کہ لاہورمیں روزانہ 1800 نئی بائیکس رجسٹرڈ ہوتی ہیں،موٹر سائیکل فضائی آلودگی کی سب سے بڑی وجہ ہے،ٹرانسپورٹ آلودگی میں 75 فیصد سے زائد موٹر سائیکل پیدا کرتے ہیں،انوائرنمنٹ پر موثر قانون سازی اور نفاذ سے اسموگ میں کمی کا ہدف حاصل کرنا ممکن ہوگا۔صوبائی وزیراطلاعات پنجاب کو سٹاف کی جانب سے دی گئی بریفنگ کے بعد مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی آلودگی سےنمٹنے کیلئےالیکٹرک بائیکس،وہیکلزاور بسیں متعارف کرا رہے ہیں،ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاون مزید تیز کریں گے،بائیکس کی وجہ سے پیدا ہونیوالی آلودگی پر کنٹرول کے لئے بنگلہ دیش اورچین ماڈل اپنایا جا سکتا ہے۔

بریفنگ کے بعد سینئر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی پر بھاری جرمانہ عائد ہوگا،ماحولیاتی آلودگی سے نمٹنے کے لئے شجرکاری مہم بہت اہم کردار ادا کرے گی،جامع اور موثر حکمت عملی کے فقدان سے گورننس کا نظام مشکل ہو رہا ہے،7 دہائیوں سے کام کرنے والے ادارے اب تک سٹریٹجی کیوں نہیں بنا سکے؟سینئرصوبائی وزیراطلاعات پنجاب مریم اورنگزیب کا بریفنگ کے بعد اپنے مقالمہ میں مزید کہنا تھا کہ تعلیم تک رسائی،کوالٹی اور تعلیمی نظام کی گورننس کو مزید بہتر بنارہے ہیں،پنجاب بھر کے 500اسکولوں میں مڈل اور میٹرک ٹیک پروگرام کو لانچ کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں