وزیر اعلی مریم نواز

وزیر اعلی مریم نواز ،صدر مسلم لیگ (ن)نوازشریف سے برٹش ہائی کمشنراورپولیٹیکل قونصلر کی ملاقات

لاہور(نمائندہ خصوصی)وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف اور پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدرمحمد نوازشریف سے مری میں برٹش ہائی کمشنرجین میری ایٹ نے ملاقات کی ، اس موقع پر برٹش ہائی کمشنر اسلام آباد کی پولیٹیکل قونصلر زوی ویئر بھی موجود تھیں ، ملاقات میں تعلیم، صحت، موسمیاتی تبدیلیوں اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس دوران پنجاب کے طلبہ کے لئے برطانیہ کی جامعات میں اعلی تعلیم کے مواقع بڑھانے سے متعلق امور کا بھی جائزہ لیا گیا جبکہ وزیراعلی مریم نوازشریف نے ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لئے حکومت پنجاب کے پائیدار اقدامات سے آگاہ کیا۔ملاقات میں موسمیاتی تبدیلیوں کے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے باہمی مہارتوں سے مستفید ہونے پر اتفاق کیا گیا ۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے برطانوی ہائی کمشنر کوگورنس کا معیار بہتر بنانے کے لئے پولیس اور انتظامیہ کے مانیٹرنگ کیلئے کے پی آئی سسٹم سے بھی آگاہ کیا ۔ ملاقات میں ڈیجیٹل پنجاب کیلئے جاری اقدامات پر گفتگو کی گئی جبکہ وزیر اعلی مریم نوازشریف نے نواز شریف آئی سٹی میں برطانوی اداروں کوسرمایہ کاری کی دعوت دی۔

ملاقات میں برطانوی ہائی کمشنر کوپنجاب میں سولر پینل پراجیکٹ سے بھی آگاہ کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب ڈیجیٹلائزیشن کے دور میںداخل ہوچکا ہے، عنقریب پنجاب لیڈ کرے گا،آئی ٹی یونیورسٹیز کے قیام کے لئے برطانوی اداروں کا خیر مقدم کیا جائے گا،لاہور میں محمد نوازشریف آئی ٹی سٹی،ٹوئن ٹاورز کا پراجیکٹ تیز ی سے تکمیل کے مراحل طے کررہا ہے۔وزیر اعلی مریم نوازشریف نے فارن کامن ویلتھ اینڈڈویلپمنٹ آفس کے تعلیم اور دیگر شعبوں کے اشترک کار کو سراہا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں