مصدق ملک

فساد نہ کریں، آئیں ملک کی خاطر مل بیٹھیں، مصدق ملک کی ایک بار پھر کسی کا نام لئے بغیر دعوت

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے ایک بار پھر کسی کا نام لیے بغیر دعوت دی ہے کہ فساد اور بلوے نہ کریں، آئیں آج بھی دعوت دیتے ہیں بیٹھیں ملک کو چلانے دیں۔وفاقی دارالحکومت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر مملکت نے کہا کہ ملک میں دو الگ الگ مناظر دیکھنے کو مل رہے ہیں۔ ایک وہ منظر جس میں سب تاریکی میں دکھایا جا رہا ہے اور ایک وہ منظر جس میں نوجوانوں کے چہروں پر مسکراہٹ اور روشنی ہے۔ نوجوانوں کے ذہنوں میں مستقبل تابناک ہونے کے خواب ہیں۔ نوجوانوں کی منزل کے راستے میں کچھ لوگ حائل ہیں۔ یہ وہ لوگ ہیں جو ملک کو ترقی کرتا نہیں دیکھنا چاہتے۔

مصدق ملک کا کہنا تھا کہ بجلی کے بلوں میں پنجاب حکومت نے بڑا ریلیف دیا ہے۔ وفاق بھی پنجاب سے قبل صارفین کو ریلیف دینے کا اعلان کر چکا ہے۔ 500 یونٹ کا مطلب 98 فیصد پاکستان کے گھرانے ہیں، جنہیں یہ سہولت دی گئی ہے۔ 200 یونٹ تک کے گھرانوں کو پہلے ہی ریلیف دیا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب نے امرا کے سوا سب کو سہولت دے دی ہے۔ ہر صوبے کو اپنے لوگوں کی بہتری کے لیے کام کرنا چاہیے۔ گیس کے حوالے سے بھی کوشش ہو گی کہ ریلیف دیا جائے۔

گیس کی قیمتیں تاحال نہیں بڑھائی گئیں۔مصدق ملک نے ایک بار پھر کسی کا نام لیے بغیر پریس کانفرنس میں کہا کہ سوال اٹھتا ہے کہ 9 مئی کیسے ہوا ؟ سوال اٹھتا ہے کہ دہشت گردوں کو کون لا کر آباد کر رہا تھا؟ سوال اٹھتا ہے کہ کون دہشتگردوں کو بھتہ دیتا تھا؟ سوال اٹھتا ہے کہ کون دہشتگردوں کا سہولت کار رہا؟ ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ کہا گیا کہ ہم آپریشن نہیں کرنے دیں گے۔ صوبائی سکیورٹی تو صوبائی حکومت کی ذمے داری ہے۔ اگر آپریشن نہیں ہونے دے رہے تو آپ کو شہیدوں کے خون کا حساب دینا ہوگا۔وزیر مملکت نے ایک بار پھر نام لیے بغیر کہا کہ فساد نہ کریں بلوائیوں والا کام نہ کریں! آئیں آج بھی دعوت دیتے ہیں بیٹھیں ملک کو چلانے دیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں