احسن اقبال

ملک کو درست سمت میں لے جانے کیلئے تعلیم و انسانی وسائل کی ترقی کا فروغ ضروری ہے،احسن اقبال

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ ملک کو درست سمت میں لے جانے کیلئے تعلیم اور انسانی وسائل کی ترقی کا فروغ ضروری ہے،میڈیا ملک کو درپیش بنیادی مسائل کو موضوع بحث بنائے توہر حلقے اور ضلع کی سطح پر ترقی کا عمل شروع ہو گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو ضلعی ایجوکیشن رپورٹ 2023 کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیاکہ مسلم لیگ (ن) کی جانب سے ماضی میں انسانی وسائل کی ترقی میں کی گئی اصلاحات سیاسی عدم استحکام کا شکار ہوئیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہمیں دنیا میں مقابلہ کرنے کیلئے نوجوانوں کو نئے ہنر سکھانے ہوں گے۔ وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ نوجوانوں کو ملک کی معاشی ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ ترقی کیلئے محض انفراسٹرکچر کافی نہیں،دنیا میں کوئی ترقی یافتہ ملک ایسا نہیں جس نے تعلیم کے شعبے کو نظر انداز کر کے ترقی کی ہو۔انہوںنے کہاکہ تعلیم کے شعبے پر عدم توجہی ترقی کے سفر میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے جس طرح لیپ ٹاپ بنا سوفٹ ویئر بے معنی ہے اسی طرح تعلیم کے بغیر ہم پائیدار ترقی کا تصور نہیں کر سکتے۔احسن اقبال نے کہاکہ تعلیم اور انسانی وسائل میں ترقی پائیدار معاشی اور معاشرتی ڈھانچے کی بنیاد رکھتے ہیں۔

وفاقی وزیرنے کہاکہ ہم نے وڑن 2010 اور 2025 میں تعلیم اور انسانی وسائل کی ترقی کو اولیت دی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ 1999 میں جنرل مشرف نے مارشل لگایا تو میں نے انہیں خط لکھا کہ وڑن 2010 ہماری جماعت کی سیاسی دستاویز نہیں، ملک کی اقتصادی اور سماجی ترقی کے لئے وڑن 2010 پر عملدرآمد جاری رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے 2017 میں ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ ضلعی سطح پر غربت کا تعین کرنے کے لئے رپورٹ جاری کی، آج اسی تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے ہم نے ضلعی سطح پر تعلیم کی صورتحال پر اہم ترین رپورٹ جاری کی۔احسن اقبال نے کہا کہ میڈیا سیاسی جھگڑوں پر توجہ دینے کی بجائے تعلیم، صحت، سماجی سطح پر درپیش بنیادی مسائل کو کوریج دے، میڈیا پاکستان کو درپیش بنیادی مسائل کو موضوع بحث بنائے گا تو ہر ہر حلقے اور ضلع کی سطح پر ترقی کا عمل شروع ہو گا۔
٭٭٭٭٭

اپنا تبصرہ بھیجیں