اسحاق ڈار

جس نے ملک کے ساتھ غداری کی اس کا انجام بڑا بھیانک ہوتا ہے’ اسحاق ڈار

لاہور(نمائندہ خصوصی)ڈپٹی وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ جس نے ملک کے ساتھ غداری کی اس کا انجام بڑا بھیانک ہوتا ہے،پاکستان کلمے کی بنیاد پر بنا ہے، ماضی میں ملک دو لخت ہوا، ہم نے آدھا حصہ گنوا دیا، جنہوں نے ملک کو دولخت کیا ان کا حال بہت برا ہوا،وزیر اعظم شہبازشریف دن رات تمام محاذوں پر محنت کررہے ہیں، شہباز شریف کی قیادت میں معیشت دوبارہ بحال ہوگی، جب ملک کی معیشت ٹیک آف کر رہی ہوتی ہے تو چھپے ہاتھ آتے ہیں اور اسے کھینچ لیتے ہے خدا کرے اب ایسا نہ ہو اور ہم پاکستان کو دنیا میں معاشی طور پر باوقار ملک بنائیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے حضرت داتا گنج بخش کے عرس مبارک میں شرکت کے موقع پر زائرین سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین اور دیگر بھی موجود تھے۔ نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ یہ ملک کلمہ طیبہ کی بنیاد پر بنا ہے، آپ سرکار فرماتے تھے میں جب اس خطے کی طرف منہ کرتا ہوں تو مجھے یہاں سے ٹھنڈی ہوا آتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے نواز شریف کی حکومت میں اہم عہدے ملے،ہر عہدے میں اس ملک کی خدمت کی ہے،پاکستان کی خدمت کرکے نوکری کررہا ہوں، میں کبھی عہدوں کے پیچھے نہیں بھاگا، اللہ کا فضل ہے پہلے بھی وزیر خزانہ رہا،اس بار مجھے کئی ذمہ داریاں ملی ہیں۔

انہوںنے کہا کہ اس میں کوئی دورائے نہیں کہ پاکستان کامعاشی طو رپر بہت نقصان ہوا ۔انہوں نے کہا کہ کہا جاتا تھا پاکستان کو بھنور سے نکلنے میں 15سال لگیں گے، لیکن نواز شریف کی حکومت میں اللہ کے فضل سے پاکستان کو مشکلات سے نکلنے میں صرف ساڑھے 3سال لگے۔ 2013میں اٹھارہ ، اٹھارہ گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ تھی ، ایک دن میں درجنوں دہشتگردی کے واقعات ہوتے تھے، معیشت تباہ کن تھی،پھر اللہ تعالیٰ نے کرم کیا ساڑھے تین سال میں تمام مسائل حل ہوئے ،اٹھارہ گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ختم ہوگئی ، دنیا ہماری معیشت کی معترف ہو گی اور کہا گیا کہ جس طرح پاکستان ترقی کر رہا ہے یہ جلد جی 20میں شامل ہوگا ،ملک میں دھماکے ایک سے دو فیصد رہ گئے تھے،نواز شریف کی قیادت میں 2017ء پاکستان دنیا کی 24ویں بڑی معیشت تھا لیکن اس کے بعد اگلے چار سالوں میں پاکستان 47ویں معیشت بن گیا اور یہ کوئی چھوٹا نقصان نہیں ہے ، آج جو ملک کے مسائل ہیں یہ اسی وجہ سے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی سربراہی میں ہماری کوشش ہے کہ معیشت بحال ہو اور ہم دوبارہ پاکستانیوںکے لئے آسانیاںپیدا کریں ۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا اقدام لائق تحسین ہے جس میں انہوںنے چھیالیس ارب روپے مختص کر کے پنجاب کی عوام کو بجلی کے یونٹ میں چودہ روپے کا ریلیف دیا ہے ، اس سے پہلے شہباز شریف کابینہ کی منظوری سے 200یونٹ استعمال کرنے والوں کو پچاس ارب روپے کی سبسڈی دے چکے ہیں ۔

انہوںنے کہا کہ میرا ایمان ہے کہ اس ملک نے مسلم امہ کی قیادت کرنی ہے ،اسے ہم نے ایٹمی قوت بنا دیا ، اس کے بعد میزائل قوت بنانے شروع کیا تو اس میں کامیاب ہوئے اور اب اسے معاشی قوت بنانا ہے ۔ یہاں یہ ہوا ہے کہ جب معیشت گروتھ کرنا شروع ہوتی ہے ، ٹیک آف کرنے لگتی ہے تو چھپے ہاتھ اسے کھینچتے لیتے ہیں ، اب خدا کرے ایسا نہ ہو اور ہم پاکستان کو دنیا میں معاشی طو رپر با وقار ملک بنا دیں ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں