اسلام آباد ہائیکورٹ

اظہر مشوانی کے لاپتا بھائیوں کی بازیابی کیلئے اٹارنی جنرل کو مزید مہلت مل گئی

اسلام آ باد (نمائندہ خصوصی) اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے سوشل میڈیا انچارج اظہر مشوانی کے لاپتا بھائیوں کی بازیابی کے کیس میں اٹارنی جنرل منصور عثمان کو مزید مہلت دے دی۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق نے کیس کی سماعت کی، اٹارنی جنرل منصور عثمان عدالت میں پیش ہوئے جبکہ درخواست گزار کے وکیل بابر اعوان بھی عدالت میں پیش ہوئے۔

سماعت کے آغاز پر اٹارنی جنرل نے عدالت سے وقت مانگ لیا، عدالت نے اٹارنی جنرل کو 2 دن کا وقت دے دیا۔ وکیل درخواست گزار نے بتایا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کی مہربانی کے باعث فیضان اور دیگر 5 لوگ گھر پہنچ گئے ہیں، اس پر جسٹس عامر فاروق نے دریافت کیا کہ کون آیا ہے گھر؟ بابر اعوان کا کہنا تھا کہ فیضان نامی کارکن گھر پہنچ گیا، وہ ذہنی طور پر ٹھیک نہیں کہ عدالت میں پیش ہو سکے۔ بعد ازاں اٹارنی جنرل نے عدالت سے وقت مانگتے ہوئے استدعا کی کہ مجھ سے جو ہو سکا میں کروں گا، دائرہ اختیار کا بھی معاملہ ہے، مجھے تھوڑا وقت دیں، ملک کی خفیہ ایجنسیاں کام کر رہی ہیں، انشا اللہ جلدی اچھی خبر ملے گی۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے استفسار کیا کہ پچھلے آرڈر میں وزیر اعظم سے متعلق ملاقات کا کہا گیا تھا، اٹارنی جنرل نے بتایا کہ جی بلکل میں وزیراعظم سے ملا تھا، پچھلے دنوں میں کچھ لوگ واپس بھی آئے ہیں، عدالت نے ریمارکس دیے کہ دائرہ اختیارات یا کس ہائی کورٹ کے سامنے کیس لگا ہے یہ اصلی معاملہ نہیں، اصلی مسئلہ یہ ہے لوگ لاپتا ہیں، اس پر بابر اعوان نے کہا کہ 80 سے زیادہ دن ہو گئے ہیں دونوں بھائیوں کو غائب ہوئے۔ بعد ازاں عدالت نے ریمارکس دیے کہ ہم اس کو جمعے کے لیے رکھ لیتے ہیں۔ اسی کے ساتھ عدالت نے کیس کی سماعت جمعے تک ملتوی کر دی۔

بعد ازاں تحریری حکم نامے میں عدالت نے بتایا کہ اس عدالت کو بتایا گیا ہے کہ لاپتا فیضان واپس آگیا ہے، اٹارنی جنرل نے مزید وقت مانگا ہے، اٹارنی جنرل نے بتایا ہے کہ لاپتا شہریوں سے متعلق معاملہ وزیر اعظم کے سامنے رکھا گیا، اٹارنی جنرل کی مزید وقت مانگنے کی استدعا منظور کی جاتی ہے، چیف جسٹس چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کا مزید کہنا تھا کہ جو کارکن واپس آگیا ہے اس کی درخواست نمٹا دیتے ہیں ، اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی سیکریٹریٹ کے ملازم فیضان کے واپس آجانے پر بازیابی درخواست نمٹادی۔ عدالت نے اظہر مشوانی کے بھائیوں کی بازیابی کے لیے وقت مانگنے کی استدعا اور نعیم احمد یاسین کی بازیابی کے لیے دائر درخواست پر سماعت بھی جمعہ تک ملتوی کردی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں