لاہور (نمائندہ خصوصی) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ خیبر پختونخواہ حکومت کا 9مئی کی ناکام بغاوت پر انکوائری کمیشن بنانا مضحکہ خیز ہے، خود ہی مجرم خود ہی منصف اس سے بڑی بے شرمی کیا ہوسکتی ہے؟ ۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ پشاور ہائیکورٹ نے کے پی حکومت کی جوڈیشل کمیشن بنانے کی درخواست مسترد کی، پشاور ہائیکورٹ نے اس درخواست کو رولز کی خلاف ورزی قرار دیا، اب 9مئی کے ملزمان انکوائری کمیشن کے لیے خود ہی ایکٹ لائیں گے اور خود ہی منصف بن جائیں گے، جیسے پارلیمنٹ حملہ کیس میں ماسٹر مائنڈ نے خود کو بری کروایا تھا ایسے ہی نو مئی کی ناکام بغاوت کے کیسز میں کمیشن سے کلین چٹ لیں گے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ 9 مئی کو فوجی تنصیبات اور شہدا کے مجسمے جلانے کے ہولناک مناظر پوری دنیا نے دیکھے، کرنل شیر خان شہید اور ایم ایم عالم کے مجسموں کی بے حرمتی کرنے کے مناظر قوم کیسے بھول سکتی ہے؟، نو مئی کے ماسٹر مائنڈ اور اس کے کوچ کا بدنما چہرہ پوری قوم کے سامنے عیاں ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوا سال بعد بھی عدالتوں میں نو مئی کے مقدمات جوں کے توں موجود ہیں، برطانیہ میں فسادات کے بعد عدالتوں نے تین دن میں کئی ملزمان پر فرد جرم عائد کی اور سزائیں سنائیں لیکن پاکستان میں عدالتیں نو مئی کے ایک بھی ملزم کو سزائیں نہیں دے سکیں، شہدا کے لواحقین آج بھی پاکستان کے نظام عدل کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ ان کے پیاروں کے مجسموں کی بے حرمتی کرنے والوں کو عدالتیں کب کٹہرے میں کھڑا کریں گی۔
٭٭٭٭٭