وزیراطلاعات

”دی ڈپلومیٹ” جریدے میں چین کے اعلیٰ سطحی وفد کے دورہ پاکستان کے حوالے سے شائع ہونے والا آرٹیکل غلط، بے بنیاد اور گمراہ کن ہے، عطاء تارڑ

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات، قومی ورثہ و ثقافت عطاء اللہ تارڑ نے ”دی ڈپلومیٹ” جریدے میں چین کے اعلیٰ سطحی وفد کے دورہ پاکستان کے حوالے سے شائع ہونے والے آرٹیکل کو غلط، بے بنیاد اور گمراہ کن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جریدے نے اپنے آرٹیکل میں پاکستان کے دیرینہ دوست چین کے ساتھ تعلقات خراب کرنے کی ناکام کوشش کی۔

ہفتہ کو سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ”ایکس” پر اپنی پوسٹ میں ”دی ڈپلومیٹ” جریدے کے شائع ہونے والے آرٹیکل پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی پر اس طرح کے حملے کامیاب نہیں ہوں گے، آرٹیکل میں دیا گیا تاثر غلط، بے بنیاد اور گمراہ کن ہے جو پاکستان کے عوام کے جذبات کی عکاسی نہیں کرتا۔

دریں اثنائ وزارت اطلاعات کے فیکٹ چیکر نے بھی ”دی ڈپلومیٹ” جریدے میں چین کے اعلیٰ سطحی وفد کے دورہ پاکستان کے حوالے سے شائع ہونے والے آرٹیکل کو گمراہ کن اور بے بنیاد قرار دیا۔ سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ”ایکس” پر اپنی پوسٹ میں وزارت اطلاعات نے کہا کہ آرٹیکل جھوٹ اور سیاق و سباق سے ہٹ کر لکھا گیا، غیر ملکی شخصیات کے دورے پورا سال جاری رہتے ہیں، مذکورہ آرٹیکل میں چین کے اعلیٰ سطحی وفد کے دورے اور دہشت گردی کے واقعات کے درمیان گمراہ کْن ربط پیدا کرنے کی کوشش کی گئی، یہ آرٹیکل گمراہ کن اور بے بنیاد ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں