وزیر اعظم

وزیر اعظم کی رانا تنویر حسین سے ملاقات ،بھائی کے انتقال پر اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کی

مریدکے( نمائندہ خصوصی)وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین سے ملاقات کر کے ان کے بڑے بھائی رانا افضال حسین کے انتقال پر اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور کارکنان رانا افضال حسین کے انتقال پر افسردہ ہیں،رانا افضال حسین پارٹی کا قیمتی سرمایہ اور مخلص ساتھی تھے ان کی کمی ہمیشہ محسوس کی جاتی رہے گی ،اللہ تعالی مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر عظیم عطا فرمائے ۔ وزیر اعظم شہباز شریف بذریعہ ہیلی کاپٹر لاہور سے مریدکے پہنچے ۔اس موقع پر سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے تھے ۔ عوام کی کثیر تعداد وزیر اعظم شہباز شریف کی ایک جھلک دیکھنے کے لئے امڈ آئی ۔

اس موقع پر عوام کی جانب سے نواز شریف اورشہباز شریف زندہ باد کے نعرے بھی لگائے گئے۔علاوہ ازیں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدرخان اورسینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین سے ملاقات کر کے ان کے بڑے بھائی رانا افضال حسین کے انتقال پراظہار افسوس اور فاتحہ خوانی کی ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری ،بلاول بھٹو زرداری کی قیادت کی جانب سے اظہار افسوس کرنے آیا تھا،ہم رانا تنویر حسین کے خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں