لارڈز(نمائندہ خصوصی)انگلینڈ نے سری لنکا کو دوسرے ٹیسٹ میں 190 رنز سے شکست دے کر تین میچز کی سیریز میں دو صفر کی برتری حاصل کرلی ہے۔ انگلینڈ کے جو روٹ نے دونوں اننگز میں سنچریاں بنائیں، گس ایٹکنسن نے پہلی اننگز میں سنچری بنانے کے بعد دوسری اننگز میں پانچ وکٹیں حاصل کیں۔
لارڈز میں کھیل کے چوتھے دن سری لنکا نے 483 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اپنی نامکمل دوسری اننگز 53 رنز 2 کھلاڑی آوٹ سے دوبارہ شروع کی اور پوری ٹیم 292 پر آؤٹ ہوگئی۔سری لنکا کے دمتھ کرونا رتنے 55، دنیش چندی مل 58 اور دھننجایا ڈی سلوا 50 رنز بناکر نمایاں رہے، نویں نمبر پر بیٹنگ کرنیوالے ملن رتنائیکے نے 43 رنز بنائے۔انگلینڈ کے گس ایٹکنسن نے 62 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، کرس ووکس اور اولی اسٹون نے دو، دو وکٹیں لیں۔