لیاقت بلوچ

دھرنا، ملک گیر ہڑتال عوام کے لئے امید کی نئی کرن بنی’لیاقت بلوچ

لاہور ( نمائندہ خصوصی) نائب امیر جماعت اسلامی، سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ دھرنا، ملک گیر ہڑتال عوام کے لئے امید کی نئی کرن بنی، حکومت نے غیرسنجیدگی برقرار رکھی اور مسائل کے حل میں تاخیر کی تو عوامی غم و غصہ حکومت سے نجات کی تحریک میں بدل جائے گا،، حکومت کی سنجیدگی کا بھانڈہ معروف ماہرِ معیشت قیصر بنگالی نے پھوڑ دیا ہے،مسئلہ کشمیر کا حل اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور فیصلے کی روشنی میں حقِ خودارادیت ہی خطہ میں امن کا پائیدار حل ہے۔

لیاقت بلوچ نے چکوال، تلہ گنگ، راولپنڈی میں رابطہ عوام ممبر سازی مہم کے پروگراموں، ممبرسازی کیمپ، معززین اور میڈیا سے خطاب و گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جماعتِ اسلامی عوامی مفادات کے تحفظ اور عوام کے مسائل کے حل کے لئے قومی کردار ادا کررہی ہے، پورے ملک میں حافظ نعیم الرحمن کے وژن اور ملک گیر جدوجہد کو پذیرائی مِلی ہے، عوام میں یقین اور اعتماد پیدا ہوا ہے کہ عوام کے حقیقی مسائل پر جرات مندانہ آواز آٹھائی جارہی ہے۔ دھرنا، ملک بھر میں جلسے اور ملک گیر ہڑتال بہت کامیاب رہی، تاجر برادری کی ملک گیر شٹرڈان ہڑتال نے قوم میں نیا جذبہ پیدا کیا ہے۔ ریاستی نظام اور مقتدر حلقوں کی نااہلی، ناکامیوں، کرپشن اور ذاتی مفادات پر قومی مفادات کو پیچھے دھکیلنے کے رجحان نے عوام، خواتین اور نوجوانوں کو مایوسیاں دیں۔ دھرنا، ملک گیر ہڑتال عوام کے لئے امید کی نئی کرن بنی ہے، حافظ نعیم الرحمن کی قیادت پر اعتماد پیدا ہوا ہے۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ جماعتِ اسلامی کے ملک گیر رابطہ عوام اور ممبر سازی مہم کے لئے 25 کروڑ عوام کے ایجنڈے کے ساتھ کارکنان، خواتین، نوجوان، کروڑوں عوام سے رابطہ کریں گے، ممبرسازی کے ذریعے عوام کو ظلم، جبر، کرپٹ نظام کے خلاف اور آئین و قانون کی بالادستی کے لئے منظم کیا جائے گا، عوام کے لئے آئین کی پامالی کا نظام اور آئی ایم ایف کی غلامی، آئی پی پیز کی تباہ کاریاں، مقتدر بگڑی اشرافیہ کی عیاشیاں اور قومی وحدت کے لئے خطرات اب ناقابلِ برداشت ہیں، رابطہ عوام میں پورے ملک کے عوام، تمام طبقات اور سٹیک ہولڈرز کو امید، عزم اور جذبہ دیا جائے گا۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ کشمیری عظیم حریت رہنما سید علی گیلانی شہید کی جدوجہد ہمیشہ زندہ رہے گی، ہندوستان مسئلہ کشمیر کو ختم کرنے کے لئے جتنے بھی جعلی، یکطرفہ، فاشسٹ اقدامات کرلے، تحریکِ آزادی کشمیر جاری رہے گی۔ سید علی گیلانی کا نعرہ ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہیپاکستان کے عوام کو ولولہ تازہ دیتا ہے اور ہمارا نعرہ ہے کہ کشمیریو! تم ہمارے ہو، پاکستان تمہارا ہے۔ مسئلہ کشمیر کا حل اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور فیصلے کی روشنی میں حقِ خودارادیت ہی خطہ میں امن کا پائیدار حل ہے۔ ہندوستان کی ہٹ دھرمی اور گولی، تشدد، قتل و غارت گری اور تمام جمہوری، انسانی حقوق کی پامالی کے اقدامات خود ہندوستان کو بھی تباہ کریں گے اور خطہ ایٹمی طاقتوں کے لئے خطرناک فلیش پوائنٹ بن جائے گا۔لیاقت بلوچ نے معززین اور صحافیوں کے سوالوں کے جواب میں کہا کہ جماعت، اسلامی عوامی مسائل کے حل، عوام کو معاشی ریلیف دِلانے کی جدوجہد کے ساتھ فلسطین اور کشمیر کے مسائل کے حل کے لیے بھی مضبوط آواز اٹھارہی ہے۔

اسرائیل، امریکہ، برطانیہ اور دیگر استعماری استحصالی قوتوں کی آشیرباد سے ظلم، انسانی قتلِ عام کی انتہا کررہا ہے لیکن فلسطینیوں کے عزائم ہمالیہ سے بھی بلند ہیں، اسرائیل رسوا اور پسپا ہورہا ہے، جنگی جرائم اسرائیلی صیہونی ناجائز ریاست کے خاتمہ اور فلسطین کی آزادی کا سبب بنیں گے، اقوام متحدہ اور عالمِ اسلام کی قیادت جنگ بندی کے مطالبات سے بڑھ کر اسرائیل کے ظلم کا ہاتھ طاقت سے روکنے کے اقدام بند کرنا ہونگے۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ حکومت نے آئی پی پیز، بجلی بحران کے خاتمہ اور عوام کو ریلیف دینے کا تحریری معاہدہ کیا، اب 45 دِنوں کی مہلتِ عمل ختم ہونے کے قریب ہے، حکومتی مذاکراتی ٹیم پھر لاپتہ ہے لیکن عوام انہیں چھپنے نہیں دیں گے، حکومت کی سنجیدگی کا بھانڈہ معروف ماہرِ معیشت قیصر بنگالی نے پھوڑ دیا ہے کہ حکومت اپنی عیاشیاں اور پرتعیش غیرضروری اخراجات کم کرنے کے لئے تیار نہیں، اِس لئے غیرسنجیدہ حکومت کی کمیٹیوں سے اپنا ناطہ تور لیا ہے، دھرنا، ملک گیر ہڑتال اور پورے ملک میں عوامی رابطہ مہم کی وارننگ، عوامی غصہ کی دھمک کو حکمران سنیں اور دماغ میں بٹھالیں کہ عوام اب اپنے مسائل کے حل اور مٹھی بھر بدنامِ زمانہ اشرافیہ پر قوم کے خون پسینہ کی کمائی خرچ کرنے کی بندش سے کم پر راضی نہیں ہوں گے، حکومت نے غیرسنجیدگی برقرار رکھی اور مسائل کے حل میں تاخیر کی تو عوامی غم و غصہ حکومت سے نجات کی تحریک میں بدل جائے گا۔
٭٭٭٭٭

اپنا تبصرہ بھیجیں