یوٹیلٹی اسٹورز

صارفین کےلئے خوشخبری، یوٹیلٹی اسٹورز میں گھی، آئل، چائے سمیت 800 اشیا کی قیمتوں میں کمی کردی گئی

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن نے اپنے صارفین کو بڑی خوشخبری سنا دی، تمام صارفین کے لئے 800 سے زائد اشیا کی قیمتوں میں 10 فیصد تک کی شاندار کمی کر دی گئی۔48 مختلف برانڈز کی تمام ورائٹی کے دستیاب پروڈکٹس پربھی قیمتوں میں حیرت انگیز کمی کی گئی ہے، مختلف برانڈز کے گھی،کوکنگ آئل، چائے، سرف،نوڈلز، کیچ اپ، ٹیٹراپیک دودھ، خشک دودھ، مصالحے، اچار، صابن، ٹوتھ پیسٹ اور دیگر اشیا کی قیمتوں میں 8 روپے سے لے کر 200 روپے تک کی کمی کی گئی ہے۔

نئی قیمتوں کو فوری طور پر نافذالعمل کر دیا گیا ہے، یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن پر بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی سبسڈی فی الحال بند ہے جو بہت جلد نئے طریقہ کار کے تحت بحال ہو جائے گی۔یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کی انتظامیہ نے بہترین خدمات فراہم کرنے کے لیے نئے عزم کے ساتھ نئی حکمت عملی پر عمل شروع کر دیاہے،

صارفین کو بہترین سہولیات فراہم کرنے، معیاری اور بارعایت اشیا کی وافر مقدار میں فراہمی کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔تمام صارفین بلا کسی دقت، دشواری اور شرائط کے یوٹیلٹی اسٹورز سے خریداری کر سکتے ہیں، انتظامیہ کا کہنا ہے کہ دیگر اشیا کی قیمتوں میں بھی کمی لائی جا رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں