اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ 9 مئی میں جس کا بھی کردار ہوا وہ فیض حمید کے ساتھ حصہ دار ہوگا۔ایک انٹرویو میں 9 مئی کے حوالے سے ڈی جی آئی ایس پی آر کے بیان پر وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ کوئی بھی جرم ہو منصوبہ ساز، سہولت کار اور مستفید ہونے والوں سمیت کارروائی تو سب کے خلاف ہی ہوتی ہے۔
وزیر دفاع نے کہاکہ 9 مئی واقعات میں بھی منصوبہ سازوں کو افرادی قوت تو پاکستان تحریک انصاف نے ہی دی اور بانی پی ٹی آئی کی اجازت کے بغیر ایسا ممکن ہی کہاں تھا؟۔خواجہ آصف نے کہا کہ دہشتگرد بلوچستان میں ترقی کا عمل پروان نہیں چڑھنے دے رہے، اگر بلوچستان ترقی کر گیا تو صوبے کی محرومیوں کے بیانیے کی بنیاد پر چلنے والی اْن کی دکان بند ہوجائے گی۔انہوںنے کہاکہ بلوچستان میں ترقی کی ہر کوشش میں دہشتگردی سے رکاوٹ ڈالی جاتی ہے۔