لاہور( نمائندہ خصوصی)لاہور ٹیکس بار ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریو نیو کا آئرس سسٹم اپنی پوری استعداد سے کام نہیں کر رہا جس کی وجہ سے ٹیکس دہندگان اور ٹیکس پریکٹیشنر ز ذہنی اذیت میں مبتلا ہیں ،ایس آر او 350 اور فناننس ایکٹ 2024کو سسٹم کے ساتھ درست طریقے سے لنک نہیں کیا گیا ۔ان خیالات کا اظہار لاہور ٹیکس بار کے صدر شہباز صدیق،نائب صدر انیب اختر انصاری ،جنرل سیکرٹری میاں محمد زاہد،فنانس سیکرٹری محمد حسن یوسف اورجوائنٹ سیکرٹری احمد رضا نے ”انکم ٹیکس گوشوارہ 2024کے مسائل ” کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کر تے ہوئے کیا ۔
کمشنر آر ٹی او لاہور ایف بی آر احمد شجاع خان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر سابق چیئرمین پنجاب کونسل فرحان شہزاد ،ایف سی اے چیئرمیںلاہور ٹیکس بار اکیڈمیمحمد ندیم بٹ ،پاکستان ٹیکس بار کے پیٹرن رانا منیر ،سابق نائب صدر پاکستان ٹیکس بار طاہر محمود بٹ اور دیگر بھی موجود تھے۔مقررین نے کہا کہ چار پانچ گھنٹے لگا کر ریٹرن بنانے کے بعد اس کا سسٹم میں فائل نہ ہونا تکلیف دہ عمل ہے،سسٹم ریٹرن اور چالان فائل نہیں کر رہا،30ستمبر کی آخری تاریخ قریب آ رہی ہے اور ایف بی آر نوٹسز جاری کرنے میں مصروف ہے جبکہ مسائل کے حل اور سسٹم کو بہتر کرنے کی طرف کوئی توجہ نہیں۔
انہوںنے کہا کہ حکومت ڈیڑھ کروڑ گوشوارے چاہتی ہے لیکن موجودہ 40لاکھ گوشوارے جمع کرانے والوں کو سہولت نہیںدے پا رہی ۔ایف بی آر سے اپیل ہے کہ تکنیکی اور سسٹم کے مسائل کو حل کیا جائے ۔