عمر ایوب اور اسد عمر

تھانہ شادمان جلا وگھیرا وکیس،عمر ایوب اور اسد عمر کی عبوری ضمانت میں8 اکتوبر تک توسیع

لاہور (نمائندہ خصوصی ) انسداد دہشت گردی عدالت نے اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب اور اسد عمر سمیت دیگر کی عبوری ضمانت میں توسیع کر دی۔

اے ٹی سی لاہور کے ڈیوٹی جج ارشد جاوید نے 9 مئی تھانہ شادمان جلا وگھیرا وکے مقدمے میں عمر ایوب اور اسد عمر سمیت دیگر کی عبوری ضمانت پر سماعت کی۔ دوران سماعت عمر ایوب اور اسد عمر کی حاضری معافی کی درخواست کی گئی جسے عدالت نے منظور کر لیا۔ وکلا نے درخواست میں موقف اپنایا کہ اسد عمر بیماری کی وجہ سے پیش نہیں ہوئے جبکہ عمر ایوب کے اسلام آباد میں دیگر کیسز کی سماعت ہے۔

عدالت نے عمر ایوب سمیت دیگر کی عبوری ضمانت میں 8 اکتوبر تک توسیع کر دی۔ دوسری جانب انسداد دہشت گردی عدالت نے سانحہ 9 مئی کے قصور میں درج مقدمات میں 96 ملزمان کی عبوری ضمانتیں کنفرم کرنے کا حکم دے دیا، اے ٹی سی کے جج ارشد جاوید نے ضمانتوں پر سماعت کی۔ یاد رہے کہ ملزمان کے خلاف تھانہ الہ آباد، تھانہ اے ڈویژن قصور اور تھانہ کھڈیاں قصور میں مقدمات درج ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں