لندن(نمائندہ خصوصی)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دینی اور ثقافتی اقدار پر مبنی تاریخی تعلقات ہیں،پاکستان اور سعودی عرب نے تمام مشکلات میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے،پاکستان کی معیشت کے حالیہ استحکام میں تعاون کے لیے پوری قوم سعودی عرب کی شکر گزار ہے۔
پیر کووزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے سعودی عرب کے 94ویں قومی دن کے موقع پر مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ شاہ سلمان بن عبد العزیز اور شہزادہ محمد بن سلمان کی قیادت میں سعودی عرب اکیسویں صدی کے عظیم ملک کی حیثیت سیابھرا ہے۔ سعودی عرب کا وڑن 2030 دنیا بھر کے لیے مثالی نمونہ ہے۔
آج کے دور میں سعودی عرب کاروبار، ٹیکنالوجی، معیشت اور دیگر شعبوں میں ترقی پذیر ممالک کی مثالی قیادت کر رہا ہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دینی اور ثقافتی اقدار پر مبنی تاریخی تعلقات ہیں۔ پاکستان اور سعودی عرب نے تمام مشکلات میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔ پاکستان کی معیشت کے حالیہ استحکام میں تعاون کے لیے پوری قوم سعودی عرب کی شکر گزار ہے۔پاکستان اور سعودی عرب کے مابین برادرانہ تعلقات انشاء اللہ ہمیشہ قائم رہیں گے۔