علیمہ خان

9 مئی اور 8 فروری کے مجرموں کو تحفظ دینے کیلئے توسیع دی جا رہی ہے، علیمہ خان

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ 9 مئی اور 8 فروری کے مجرموں کو تحفظ دینے کیلئے توسیع دی جا رہی ہے۔ اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا پیغام ہے کہ ٹو تھرڈ میجورٹی کے لیے گینگ آف تھری کو توسیع دینا چاہتے ہیں۔ یہ آئینی نہیں شیطانی ترامیم کے تحت آئین کو ختم کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 9 مئی اور 8 فروری کے مجرموں کو تحفظ دینے کے لیے توسیع دی جارہی ہے۔ جنہوں نے پاکستان کو لوٹا ہے ان کو تحفظ دینے کے لیے اعلی عدلیہ میں ججز کی تعداد بڑھا رہے ہیں، لوئر کورٹس کی کسی کو فکر نہیں۔

لوئر کورٹس میں ججز نہیں کہ عوام کے کیسز سنے جائیں۔کیسے فیصلہ ہورہا ہے کہ ججز سپریم کورٹ میں بڑھا دیے جائیں؟۔ علیمہ خان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کہتے ہیں کہ پرامن احتجاج کریں۔ کسی سے ڈرنے کی ضرورت نہیں، ہم انتشار نہیں پھیلائیں گے۔ انہوں نے ہمیں اب بھی این او سی نہیں دینا۔ ہفتے کے دن لیاقت باغ جائیں گے، تمام وکلا جیسے 2007 میں نکلے تھے اب بھی نکلیں۔ ہم وکلا کی طرف دیکھ رہے ہیں کہ وہ عدلیہ کی بحالی کے لیے ہمارے ساتھ کھڑے ہوں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں