یوسف رضا گیلانی

ٹیکسٹائل انڈسٹری کا قومی معیشت میں 60 فیصد حصہ ہے ،حکومت ٹیکسٹائل انڈسٹری کی بہتری کیلئے بھر پور اقدامات کر رہی ہے،یوسف رضا گیلانی

لاہور(نمائندہ خصوصی)چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ حکومت ٹیکسٹائل انڈسٹری کی بہتری کیلئے بھر پور اقدامات کر رہی ہے،ٹیکسٹائل انڈسٹری کا قومی معیشت میں 60 فیصد حصہ ہے، لاکھوں خاندانوں کا روزگار اس سے وابستہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو لاہور کے مقامی ہوٹل میں پاکستان کی سب سے بڑی ٹیکسٹائل کانفرنس ٹیکس ٹاکس سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس میں یوسف فرید،مظہر مرزا،چیئرمین اپٹماکامران ارشد سمیت مختلف ملکی و غیرملکی کمپنیز کے سی ای اوز کی کثیر تعدادموجود تھی۔

کانفرنس کے شرکا نے مختلف مباحثوں میں حصہ لیا۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ٹیکسٹائل انڈسٹری ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، حکومت پالیسی گائیڈ لائن کے مطابق ٹیکسٹائل سیکٹر کی بہتری کے لئے مراعات ودیگر انقلابی اقدامات پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کا مستقبل روشن ہے ہمارے ہاں وسائل کی کوئی کمی نہیں ،  ٹیکسٹائل انڈسٹری میں برآمدات کی اہمیت پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ برآمدات کے فروغ کے لیے ٹیکسٹائل انڈسٹری کو سہولت فراہم کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔

پاکستان میں ٹیکسٹائل اور دیگر شعبوں میں ترقی کی مضبوط صلاحیت موجود ہے۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امریکی قونصل جنرل کرسٹن کے ہاکنز  نے کہا کہ پاکستان کی ٹیکسٹائل انڈسٹری تیزی سے ترقی کررہی ہے،  امریکہ پاکستانی ٹیکسٹائل مصنوعات کے معیار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ پاکستان کے ٹیکسٹائل کو مزید پھلتا پھولتا دیکھنا چاہتا ہے اور اس کے لئے ہمارا تعاون جاری رہے گا۔  کانفرنس میں دس معروف یونیورسٹیوں کے طلباطالبات نے فیشن انڈسٹری کے فروغ کیلئے ریمپ پر  واک کی اور ڈیزائننگ کے مقابلوں میں حصہ لیا۔ مہمان خصوصی سید یوسف رضا گیلانی نے مقابلہ میں حصہ لینے والے طلبا میں ایوارڈز تقسیم کئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں