احسن اقبال

ہمیشہ کسی پر الزام اور پگڑی اچھالنے کی بجائے پاکستان کی ترقی پر توجہ مرکوز کی ہے ‘احسن اقبال

نارووال(نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ ہم نے ہمیشہ کسی پر الزام اور پگڑی اچھالنے کی بجائے پاکستان کی ترقی پر توجہ مرکوز کی ہے،مطالعہ تجربہ اور مشاہدہ ہی نوجوانوں کی تخلیقی صلاحیتوں کو نکھار سکتا ہے، تعلیم کی طاقت آپکو زمین کی پستیوں سے اٹھا کر آسمان کی بلندیوں تک لے جاتی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ ڈگری کالج فار بوائز بدو ملہی میں طلبہ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

احسن اقبال نے کہاکہ آج نارووال تعلیم کے شعبہ میں سب سے آگے ہے تعلیم کی طاقت آپکو زمین کی پستیوں سے اٹھا کر آسمان کی بلندیوں تک لے جاتی ہے۔ اگر کوئی نوجوان چاہتا ہے کہ جو مشکلات اس نے زندگی میں دیکھی ہیں وہ اسکی آنے والی نسلیں نہ دیکھیں تو تعلیم ہی اسکی زندگی بدل سکتی ہے ۔ آپ پوری محنت کریں اور نارووال میں بننے والی یونیورسٹیوں سے بھرپور فائدہ اٹھائیں ، آپکا مطالعہ تجربہ اور مشاہدہ ہی آپکی تخلیقی صلاحیت کو نکھار سکتی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم نارووال ضلع کے اندر مزید بہترین منصوبے لا رہے ہیں ، اگر نارووال سپورٹس سٹی کا منصوبہ بند نہ کیا جاتا تو آج نارووال سے بھی ارشد ندیم پیدا ہوتا۔جس دن میں جیل سے رہا ہوا میں نے جیل کے عملے سے کہا اگر اللہ نے چاہا تو جلد یا بدیر وہ شخص بھی اسی جیل میں ہوگا جس نے مجھے اس جیل میں ڈالا ۔ آج وہ جیل کی اسی چکی میں میں قید ہے جہاں اسنے مجھے قید کیا، ہم نے نہ کبھی کسی پر الزام لگایا نہ کسی کی پگڑی اچھالی بس پاکستان کی ترقی پر توجہ مرکوز کی ہے ۔
٭٭٭٭٭

اپنا تبصرہ بھیجیں