ریلوے منصوبہ

پاکستان کا سب سے بڑا ایم ایل ون ریلوے منصوبہ کئی سال کی تاخیر کے بعدشروع ہونے کو تیار

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) پاکستان کا سب سے بڑا 6.8 بلین ڈالر کا ایم ایل ون ریلوے منصوبہ کئی سال کی تاخیر کے بعد بالاخرشروع ہونے کو تیار،چینی وزیر اعظم لی کیانگ کے دورہ اسلام آباد میں سنگ بنیاد رکھا جائیگا،کراچی سے ملتان تک ٹریک پر کام اسی سال شروع ہو گا۔تفصیلات کے مطابق حکومت چین کے وزیر اعظم لی کیانگ کے 14-15 اکتوبر کو شنگھائی تعاون تنظیم کے دورہ اسلام آباد سے قبل کراچی سے پشاور تک مین لائن ون ریلوے ٹریک کے لیے فنانسنگ معاہدے کو حتمی شکل دینے پر زور دے رہی ہے۔ چین پاکستان اقتصادی راہداری پر ایک اجلاس کے دوران، منصوبہ بندی کے وزیر احسن اقبال نے ریلوے اور خزانہ کی وزارتوں پر زور دیا کہ وہ آئندہ چند دنوں میں چینی فریق کے ساتھ مالیاتی شرائط کو مکمل کریں۔

اس کا مقصد ہائی پروفائل تقریب کے دوران سی پیک فیز-2 کے آغاز کا اعلان کرنا ہے۔ دونوں ممالک نے 6.8 بلین ڈالر کے اس منصوبے پر مرحلہ وار عمل درآمد پر اتفاق کیا ہے جس کا پہلا مرحلہ کراچی سے ملتان تک اور دوسرا ملتان سے پشاور تک پھیلا ہوا ہے۔احسن اقبال نے دیگر تمام وزارتوں اور ڈویژنوں سے بھی کہا کہ وہ اپنے متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ کسی بھی رکاوٹ کو دور کریں، اس بات کو یقینی بناتے ہوئے کہ چینی وزیر اعظم کے دورے کے دوران زیادہ سے زیادہ مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے جائیں۔احسن چین کے ساتھ ایم ایل ون کے لیے فنڈنگ کی شرائط کو جلد ہی ختم کرنے کے خواہاں ہیں۔وزارت خارجہ سے کہا گیا کہ وہ چینی فریق کے ساتھ ایم او یوز اور معاہدوں کے حتمی مسودوں کے بغیر کسی رکاوٹ کے تبادلے کو یقینی بنائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں