وزیراعلی پنجاب

پنجاب میں ریسٹورنٹس، بیکریاں، شادی ہالز کا مستند ڈیٹا مرتب کرنے کی ہدایت

لاہور(نمائندہ خصوصی)وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے صوبے میں سرکاری محکموں ملکیتی اراضی کا ریکارڈ طلب اور ریسٹورنٹس، بیکریاں، شادی ہالز کا مستند ڈیٹا مرتب کرنے کی ہدایت کی ہے۔ تفصیل کے مطابق وزیراعلی مریم نواز کی زیر صدارت پنجاب ریونیو اتھارٹی کا اجلاس ہوا جس میں اتھارٹی کی صوبے کے مختلف اضلاع تک توسیع کی منظوری دی گئی اور اتھارٹی کے امور میں اے ڈی سی ڈی، اسسٹنٹ کمشنرز کو با اختیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اس موقع پر وزیر اعلی پنجاب نے صوبے کے مختلف محکموں کی ملکیتی اراضی کا ریکارڈ طلب کرتے ہوئے ان کے بہترین استعمال کے لیے پلان مرتب کرنے کی ہدایت کی ہے۔ مریم نواز نے صوبے کے مالی وسائل بڑھانے کے لیے پلاننگ کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام پر ٹیکس بڑھائے بغیر ریونیو کی وصولی میں اضافہ کیا جائے گا۔ یہ ٹیکس سرکاری خزانے میں جمع ہوگا اور اس کی پائی پائی عوام پر خرچ ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ عوام کے لیے بہت کچھ کرنا چاہتی ہوں مگر مالی وسائل بہت زیادہ نہیں۔ ریونیو وصولی کے ٹارگٹ ہر صورت پورے کیے جائیں جب کہ پنجاب ریونیو اتھارٹی لیگل فریم ورک کی تشکیل کی ٹائم لائن مقرر کی جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں