چیئرمین پی ٹی آئی

بھارتی وزیر خارجہ سے متعلق بیرسٹر سیف کا بیان سیاق وسباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا، بیرسٹر گوہر

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی نے کہا ہے کہ بیرسٹر سیف کا بیان سیاق وسباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا، بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر کا پی ٹی آئی جدوجہد سے کوئی تعلق نہیں۔چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی نے ایک بیان میں خیبرپختونخوا حکومت کے ترجمان بیرسٹر سیف کے بیان سے متعلق وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر سمیت کسی غیر ملکی کو اجازت نہیں کہ وہ ہمارے معاملات پر تبصرہ کرے۔

انہوں نے کہا کہ بیرسٹر سیف کا بیان سیاق وسباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا، جے شنکر کا پی ٹی آئی جدوجہد سے کوئی تعلق نہیں ہے جب کہ بھارت سے متعلق پی ٹی آئی پالیسی 27 سالہ جدوجہد میں کبھی تبدیل نہیں ہوئی۔بیرسٹر گوہر علی نے کہاکہ ریاست پاکستان کی بھارت سے 70 سالہ پالیسی ہی پی ٹی آئی پالیسی کی بیک بون ہے جب کہ پی ٹی آئی کی سیاسی جدوجہد میں کسی بھی ملک بشمول ہندوہستان کا کوئی عمل دخل نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ پرامن احتجاج پاکستانیوں کا آئینی حق ہے۔واضح رہے کہ مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف کی جانب سے بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر کو پی ٹی آئی کے دھرنے میں شرکت کی دعوت پر حکومتی حلقوں کی جانب سے شدید تنقید کی جارہی ہے۔دوسری جانب پی ٹی آئی رہنماؤں نے بیرسٹر سیف کے بیان سے لاتعلقی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ جے شنکر کا پی ٹی آئی کی سیاسی جدوجہد سے کوئی تعلق نہیں ہے۔گزشتہ روز ایک انٹرو یو میں بیرسٹر سیف نے کہا تھا کہ میں بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ آئیں اور پی ٹی آئی کے دھرنے میں شامل ہوں اور پاکستان میں آئین کی بحالی کیلئے ہمارا ساتھ دیں۔
٭٭٭٭٭

اپنا تبصرہ بھیجیں