لاہور چیمبر

ٹیکس ریفنڈز فوری طور پر ادا کیے جائیں’ لاہور چیمبر

لاہور ( نمائندہ خصوصی) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو پر زور دیا ہے کہ طویل عرصے سے زیر التواء ٹیکس ریفنڈز فوری طور پر جاری کرے کیونکہ غیر ضروری تاخیر کاروباری برادری کے لیے مسائل پیدا کررہی ہے۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر کے صدر میاں ابوذر شاد، سینئر نائب صدر انجینئر خالد عثمان اور نائب صدر شاہد نذیر چوہدری نے ٹیکس ریفنڈز جاری نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے کاروباروں، بالخصوص ایس ایم ایز کی آپریشنل صلاحیت متاثر ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری توانائی کی بلند قیمتوں اور دیگر عوامل کی وجہ سے مالی بحران کا سامنا کررہی ہے جبکہ ٹیکس ریفنڈز کی ادائیگی میں تاخیر صورتحال کو مزید خراب کر رہی ہے۔لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ ریفنڈز میں تاخیر صنعتی وسعت اور سرمایہ کاری پر اثر انداز ہورہی ہے۔ موجودہ حالات میں ٹیکس ریفنڈز کی فوری ادائیگی کاروباری برادری کے لیے بہت بڑا ریلیف ہوگی۔

میاں ابوزر شاد، انجینئر خالد عثمان اور شاہد نذیر چوہدری نے کہا کہ ایس ایم ایز کو بروقت ریفنڈز کی ادائیگی بہت اہم ہے کیونکہ یہ پہلے ہی کم مارجن پر کام کررہے ہیں، ریفنڈز یں تاخیر ان کی سپلائی چین میں خلل ڈال کر مزید مشکلات پیدا کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایف بی آر اپنی ریفنڈ کے عمل میں تاخیر پر قابو پانے کے لیے خودکار ریفنڈز یا برآمدی کاروبار کے لیے تیز رفتار پروسیسنگ سمیت دیگر اقدامات اٹھائے تاکہ کاروباری برادری بروقت اپنے ریفنڈز وصول کرسکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایف بی آر اور کاروباری برادری کے درمیان بہتر روابط کو فروغ دینے کے لیے لاہور چیمبر بھرپور کردار ادا کرے گا۔ ایف بی آر کو تاجروں کے ساتھ مشاورت کرنی چاہیے تاکہ ٹیکس ریفنڈز سے متعلق مسائل کو حل کیا جا سکے ۔
٭٭٭٭٭

اپنا تبصرہ بھیجیں