اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ لڑکیوں کو خواب دیکھنے، قیادت کرنے اور بہتر مستقبل تشکیل دینے کے مواقع ملنے چاہئیں۔ بلاول بھٹو نے کمسن لڑکیوں اور بچیوں کے عالمی دن پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ قدرت نے لڑکیوں کو بے پناہ صلاحیتوں سے نوازا ہے، لڑکیوں کو خواب دیکھنے، قیادت کرنے اور بہتر مستقبل تشکیل دینے کے مواقع ملنے چاہئیں۔بلاول بھٹو نے دنیا بھر کی کمسن بچیوں کے تحفظ و ترقی کے کاز کی بھرپور حمایت کا اظہار کیا اور اقوام متحدہ کے تھیم لڑکیوں کا مستقبل کا وژن کی توثیق کی۔
انہوں ںے کہا کہ آج کی بچیاں کل کی معمار ہیں، ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے کہ انہیں بہتر مواقع اور وسائل فراہم کریں، ہمیں بچیوں کی آواز سننے اور ان کے خوابوں کی حمایت کرنے کی ضرورت ہے۔چیئرمین پی پی نے کہا کہ لڑکیوں کے وژن پر سرمایہ کاری کرکے ہم سب کے لیے ایک مضبوط اور خوشحال مستقبل تخلیق کرسکتے ہیں، لڑکیوں کی تعلیم کے فروغ، ان کے حقوق کے تحفظ اور صنفی مساوات کو یقینی بنانا پیپلز پارٹی کا منشور ہے۔ انکا کہنا تھا کہ ایک منصفانہ اور جامع معاشرے کی تعمیر کے لیے ایسی کوششیں جاری رکھنا ناگزیر ہیں، ایک ایسا معاشرہ جہاں ہر لڑکی بغیر کسی رکاوٹ کے ترقی کر سکے۔بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ حکومت، سول سوسائٹی اور کمیونٹیز لڑکیوں کے حقوق کے لیے متحد ہوں، لڑکیوں کے خوابوں کو پروان چڑھائیں، ان کے مستقبل کے وژن کو حقیقت میں بدلنے کے لیے اجتماعی طور پر کام کریں۔