چینی وزیراعظم

ایس سی او سمٹ، چینی وزیراعظم کی 11 سال بعد پاکستان آمد، پرتپاک استقبال

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)ایس سی او سمٹ میں شرکت کیلئے چین کے وزیراعظم لی چیانگ 11 سال بعد 4 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے،نور خان ایئربیس پر وزیراعظم شہبازشریف اور دیگر حکام نے چینی وزیراعظم کا پرتپاک استقبال کیا ،دو بچوں نے معزز مہمان کو گلدستے پیش کیے جبکہ توپوں کی سلامی بھی دی گئی ۔تفصیلات کے مطابق پیر کو چینی وزیراعظم لی چیانگ وفد کے ہمراہ ایئرچائنا کے طیارے میں نورخان ایئربیس پہنچے جہاں وزیراعظم شہبازشریف اور دیگر حکام کی جانب سے ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔

چینی وزیراعظم کا وزیراعظم شہباز شریف ، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال اور وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے استقبال کیا، معزز مہمان کا ریڈ کارپٹ استقبال کیا گیا۔دو بچوں نے معزز مہمان کو گلدستے پیش کیے جبکہ توپوں کی سلامی بھی دی گئی ۔ 11 سال میں کسی بھی چینی وزیر اعظم کا پہلا دورہ ہے، جس کا مقصد بدلتی ہوئی جغرافیائی سیاسی صورتحال اور چینی صدر ژی کے بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے دو طرفہ تعاون کو نئی تحریک دینا ہے۔ دفتر خارجہ کی ترجمان کے مطابق چینی وزیر اعظم لی چیانگ وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر دورہ کر رہے ہیں، چینی وزیر اعظم 17 اکتوبر تک پاکستان میں قیام کریں گے جن کے ہمراہ تجارت، خارجہ، قومی ترقی اور اصلاحاتی کمیشن کے وزرا بھی ہوں گے۔

وفد میں چائنہ انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ کارپوریشن ایجنسی اور دیگر سینیئر حکام شامل ہوں گے۔لی کیانگ اور شہباز شریف کے درمیان وفود کی سطح پر سی پیک، معاشی تعاون اور دوطرفہ تجارت پر بات ہوگی۔ ملاقات میں علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوگا۔چین کے وزیراعظم صدر مملکت آصف علی زرداری، پارلیمانی لیڈروں اور سینئر عسکری قیادت سے بھی ملیں گے۔ لی چیانگ شنگھائی تعاون تنظیم کی کانفرنس میں بھی شرکت کریں گے۔حکام کے مطابق دورے کا ایجنڈا وسیع ہے جس میں تعاون کو وسعت دینے اور سی پیک کے اگلے مرحلے کو شروع کرنے پر توجہ دی جائے گی، پاور سیکٹر کے قرضوں کا دوبارہ جائزہ بھی پاکستانی ایجنڈے میں شامل ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں