اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) خیبرپختونخوا ہاکی ایسوسی ایشن کے صدر ظاہر شاہ نے پاکستان سپورٹس بورڈ کوسخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ تمام صورتحال پر صدر اور وزیراعظم کو خط لکھیں گے، پی ایس بی کھلاڑیوں کو سہولیات دینے میں بری طرح ناکام ہوگیا ہے، سپورٹس بورڈ کی اولین ذمہ داری کھلاڑیوں کی ویلفیر اور سہولیات فراہم کرنا ہے نہ کہ ایتھلیٹس اور فیڈریشن کے معاملات میں رکاوٹیں پیدا کرنا۔
اپنے ایک بیان میں ظاہر شاہ نے کہاکہ پاکستان سپورٹس بورڈ کی اولین ذمہ داری ہے کہ ابھرتے ہوئے باصلاحیت کھلاڑیوں کی مہارت کو بہتر بنانے کیلئے عملی اقدامات کرے جبکہ کھلاڑیوں کو سہولیات دینے کی بجائے رکاوٹیں کھڑی کرنے سے گریز کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سپورٹس بورڈ میں ایسے لوگ لاے جا رہے ہیں جن کا کھیل سے کوئی تعلق نہیں جبکہ وہاں ایسی شخصیات کو لانا چاہیے جو کھیلوں اور کھلاڑیوں کی قدر جانتے ہوں۔
کے پی ہاکی ایسوسی ایشن کے صدر نے کہا کہ وہ جلد ہی صدر آصف زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف کو خط لکھیں گے، جس میں ان سے پاکستان سپورٹس بورڈ کے معاملات دیکھنے کی رخواست کروں گا۔انہوںنے کہاکہ وزیر اعظم کھیلوں سے محبت کرنے والے ہیں اور پہلے ہی کھلاڑیوں کے لیے ہر ممکن سہولیات دینے کی ہدایت کر چکے ہیں۔