عظمیٰ بخاری

وزیراعلی پنجاب عام آدمی کیلئے بہت محنت سے منصوبوں کا اجراء کررہی ہیں ‘عظمیٰ بخاری

لاہور ( نمائندہ خصوصی) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف بہت محنت سے عام آدمی کے لئے منصوبوں کا اجراء کر رہی ہیں،جو اقدامات پنجاب اٹھا رہا ہے وہ باقی صوبوں میں نظر نہیں آتے، وزیراعلی مریم نواز خود سب کچھ مانیٹر کر رہی ہیں، تحریک انصاف کے احتجاج بری طرح ناکام ہوئے، پنجاب کی عوام بہت سمجھدار ہیں، وہ کارکردگی اور خدمت کو سپورٹ کرتے ہیں۔انہوں نے ڈی جی پی آر لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں قانونی و سیاسی معاملات فساد کی سی کیفیت رہی، پاکستان کی سب سے خوش قسمت وزیر اطلاعات ہوں جس کے پاس وزیر اعلی کارکردگی بتانے کے لئے بہت کچھ ہوتا ہے، وزیراعلی صاحبہ کا اپنی چھت اپنا گھر پروگرام ایک فلیگ شپ پروگرام ہے، یہ پروگرام دو ڈھائی ماہ میں مکمل ہوا، آج گھروں کی تعمیر جاری ہے، لوگوں کو 15لاکھ تک کا قرضہ مل رہا ہے، لوگوں نے اپنے گھر بنانے شروع کر دیئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج وزیراعلی نے خود جا کر ایک خاتون کو گھر کی مبارکباد دی، آج وزیراعلی صاحبہ نے ثوبیہ شاہد صاحبہ کو گھر بنانے کی دوسری قسط دی، وزیراعلی مریم نواز صرف وعدہ نہیں کرتیں ان کو پورا بھی کرتی ہیں۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ادویات ،ایمبولینس سروس اور اساتذہ کی ٹریننگ شروع کر دی گئی ہے، پہلے کسی کو خیال نہیں آیا تھا کہ اساتذہ کی ٹریننگ بھی ہوتی ہے، پنجاب میں بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتیں دیگر صوبوں سے کم ہیں، ہمیں پہلے رمضان میں خیال آتا تھا کہ اشیا کی قیمتوں کو کم کریں، اب باقاعدہ ایک محکمہ اشیا ضروریہ کی قیمتوں کے لئے قائم کیا گیا ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز کے آفس میں ایک ڈیش بورڈ ہے جس پر وہ خود قیمتوں کو مانیٹر کر رہی ہوتی ہیں، پنجاب میں روٹی کی قیمت کم ہوئی مگر دیگر صوبوں میں یہ نہیں ہو سکا، جو اقدامات پنجاب اٹھا رہا ہے وہ باقی صوبوں میں نظر نہیں آتے، وزیراعلی مریم نواز منڈیوں کو بھی خود مانیٹر کر رہی ہیں، مجھے بھی پہلی بار پتہ چلا کہ منڈیوں میں کیسے کام ہوتا ہے۔

وزیراطلاعات پنجاب نے کہا پیاز، ٹماٹر، دودھ، آلو اور دیگراشیا دوسرے صوبوں سے کم قیمت پر فروخت ہو رہی ہیں، پرائس کنٹرول کمیٹیوں پر جو محکمہ بنا اس سے قیمتوں میں مزید کمی ہو گی۔ان کاکہنا تھا کہ پنجاب میں جرائم میں بھی کمی ہو رہی ہے، لاہور میں جرائم کی شرح میں 43فیصد کمی ہوئی ہے یہ 43فیصد کمی چھوٹی نہیں ہوتی، موٹر سائیکل چوری اور گاڑی چوری کی وارداتوں میں بھی کمی ہوئی ہے، وزیراعلی پنجاب اور پولیس ڈیپارٹمنٹ کی ٹیم خراج تحسین کی مستحق ہے۔عظمیٰ بخاری کا مزید کہنا تھا کہ کچھ دن پہلے تحریک فساد نے جلسہ جلوس کرنے کے لئے لاسٹ کال دی تھی، ان کے رپورٹ کارڈ جاری کرنے کا مجھے مزا آتا ہے، پی ٹی آئی نے 26ڈسٹرکٹس میں احتجاج کی کال دی تھی، احتجاج کرنے والے صرف 13جگہوں پر اکٹھے ہوئے، صرف 11 ڈسٹرکٹس میں 13جگہ احتجاج ہوا، ان کے احتجاج بری طرح ناکام ہوئے، پنجاب کی عوام بہت سمجھدار ہیں، وہ کارکردگی اور خدمت کو سپورٹ کرتے ہیں۔
٭٭٭٭٭

اپنا تبصرہ بھیجیں