لاہور (نمائندہ خصوصی)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات کی روشنی میں سموگ کے تدارک کیلئے لاہور جنرل ہسپتال میدان عمل میں اتر آیا اور شہریوں کو ضروری معلومات کی فراہمی کیلئے خصوصی کاؤنٹر قائم کر دیا گیا، جہاں طبی عملہ 24گھنٹے ہسپتال آنے والے شہریوں کی رہنمائی کیلئے موجود رہے گا جبکہ 2ڈی ایم ایس ڈاکٹر جنید امجد اور ڈاکٹر انعم بتول کو فوکل پرسن مقرر کرنے کے احکامات بھی جا ری کر دیئے گئے ہیں۔
پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد الفرید ظفر نے ایمرجنسی میں قائم آگاہی سموگ کاؤنٹر اور متاثرہ افراد کیلئے قائم کی گئی وارڈ کا بھی دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ ایم ایس ڈاکٹر فریاد حسین نے پرنسپل کو بریفنگ میں بتایا کہ آگاہی پمفلٹس بھی سموگ کاؤنٹر پر فراہم کر دئیے گئے ہیں۔ پروفیسر الفرید ظفر نے ہیلتھ پروفیشنلز اور شہریوں سے گفتگو میں کہا کہ سموگ انسانی صحت کیلئے ایک سنجیدہ خطرہ ہے۔ شہری گھر سے باہر نکلتے وقت احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔ انہوں نے کہا کہ حاملہ خواتین اور ضعیف العمر افراد اور بچے سموگ کا آسان ہدف بنتے ہیں۔
پروفیسر الفرید ظفر کا کہناتھا کہ سموگ امراض چشم، سانس کی بیماریوں، بلند فشار خون اور امراض قلب کا باعث بھی بن سکتا ہے۔ آلالودگی سے بچاؤ کیلئے شہری ماسک کا استعمال یقینی بنائیں۔ سفر کے دوران عینک کا استعمال کریں، چہرہ آنکھیں، ناک اور ہاتھ تازہ پانی سے دھوئیں۔ آنکھوں کو مسلنے سے اجتناب کریں۔ ّنکھیں سرخ ہونے پر فوری آئی سپیشلسٹ سے رجوع کیا جائے۔ پروفیسر الفرید ظفر نے ایم ایس ڈاکٹر فریاد حسین سے کہا کہ وہ سموگ کاؤنٹرز کی ذاتی طور پر مانیٹرنگ یقینی بنائیں اور شہریوں کو ذیادہ سے ذیادہ آگاہی فراہم کرنے کیلئے تمام تر وسائل بروکار لائے جائیں۔