جنرل سید عاصم منیر

آپریشنل کامیابی کیلئے باہمی تعاون ناگزیر ہے،جنرل سید عاصم منیر

راولپنڈی(نمائندہ خصوصی)آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ آپریشنل کامیابی کیلئے باہمی تعاون ناگزیر ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے پاک فضائیہ کی آپریشنل بیس کا دورہ کیا ہے جہاں انہوں نے کثیر الملکی مشق انڈس شیلڈ 2024 کا مشاہدہ کیا۔پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سندھو نے آرمی چیف کا استقبال کیا، اس موقع پر بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف بھی موجود تھے۔آئی ایس پی آر کے مطابق فوجی مشق خطہ کی کثیر ممالک مشق ہے جس میں 24 ممالک کی فضائیہ حصہ لیتی ہے ، مشق کا ماٹیو سٹرونگر وین ٹوگیدر ہے، کثیر الملکی مشق کا مقصد جدید سہولتوں کے ذریعہ پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور تربیت کو بہتر بنانا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے پاک فضائیہ کی جنگی تیاریوں اور مختلف جدید ٹیکنالوجیز کے ذریعہ صلاحیتوں کو بہتر بنانے پر بھی اطمینان کا اظہار کیا ، آرمی چیف نے مشق آپریشنز، پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ بھی دیکھا۔ آرمی چیف کو پاک فضائیہ کو جدید بنانے اور سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔

جنرل عاصم منیر نے پی اے ایف فائٹر جیٹ کا فضائی مظاہرہ بھی دیکھا، آرمی چیف ایئر کریو سے بھی ملے اور وطن کی حفاظت کے لیے ان کے عزم اور صلاحیتوں کو سراہا، آرمی چیف نے بین افواج کے تعاون کی اہمیت کو اجاگر کیا۔اس موقع پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ آپریشنل کامیابی کیلئے باہمی تعاون ناگزیر ہے، سربراہ فضائیہ نے دورہ کرنے پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آرمی چیف کے دورے سے بری اور فضائی افواج میں تعاون ،تربیت اور آپریشنل صلاحیتوں کو فروغ ملے گا۔ سربراہ فضائیہ نے پاک فضائیہ کو جدید ہتھیاروں سے لیس کرنے پر بریفنگ دی ، ایئر چیف کاکہنا تھا کہ انڈس شیلڈ مشق شریک ممالک کی افواج کی صلاحتیوں کو بڑھانے میں معاون ثابت ہوگی ، مشق سے شریک ممالک کی فوج کو جنگی صلاحیتوں کو بہتر بنانے میں بھی مدد ملے گی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں